Live Updates

ریحام خان کی کتاب سوشل میڈیا پر زیر گردش

سوشل میڈیا صارفین نے سابقہ قومی بھابھی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 5 جون 2018 14:01

ریحام خان کی کتاب سوشل میڈیا پر زیر گردش
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جون 2018ء) : ریحام خان کی کتاب گذشتہ تین چار روز سے سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے پروگرامز میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا پر ریحام خان کی کتاب کے گردش کرتے اقتباسات اور کتاب میں عمران خان اور ان کے قریبی ساتھیوں پر عائد کیے جانے والے ان کے گھناؤنے الزامات پر سوشل میڈیا صارفین بھی آگ بگولہ ہو گئے ہیں۔

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان سے شادی کے بعد پی ٹی آئی کے حامیوں سمیت پوری قوم نے ریحام خان کو ''نیشنل بھابھی'' کا خطاب دیا تھا لیکن اب عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر کیچڑ اُچھالنا ریحام خان کو مہنگا پڑ گیا ، ریحام خان کی کتاب پر سوشل میڈیا صارفین آگ بگولہ ہیں اور انہوں نے ریحام خان کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ ریحام خان نے وسیم اکرم کی مرحومہ اہلیہ سے متعلق جو کچھ بھی لکھا وہ شرمناک اور قابل مذمت ہے۔

صارف کا کہنا تھا کہ ریحام خان ایسا کرکے خواتین کو امپاور نہیں کر رہیں بلکہ اپنی ناکام شادی کو کیش کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ریحام خان کی کتاب کے سرورق پر ''نیشنل بھابھی سے نیشنل شرمندگی تک کا سفر'' نہ لکھا ہوا تو مجھے شدید مایوسی ہو گی۔
ضرار کھوڑو نامی تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ میں نے وسیم اکرم اور دیگر کی جانب سے ریحام خان کو بھجوایا گیا ہتک عزت کا نوٹس پڑھا ہے،یہ نوٹس اصل ہے، اس نوٹس میں ریحام خان کے وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ سے متعلق جن باتوں کا تذکرہ ہے ، اگر وہ واقعی کتاب کا حصہ ہیں تو میں صرف اتنا ہی کہوں گا کہ یہ سب بے ہودہ ہے۔

اور میں ان باتوں کو دوہرانا بھی نہیں چاہوں گا۔ ریحام خان اپنی کتاب کی فروخت کو بڑھانے کے لیے ایک مرحوم خاتون کی ہت عزت کر رہی ہیں،اگر یہ سب واقعی سچ ہے تو یہ سب انتہائی بے ہودہ اور لغو ہے۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ میں نے ریحام خان کی جانب سے وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ پر عائد کیے جانے والے الزامات پڑھے جس کے بعد میں صرف کہی کہوں گا ریحام خان کو شرم آنی چاہئیے۔

ایک ٹویٹر صارف نے ریحام خان کو مخاطب کرتے ہوئے ان پر لعنت بھیجی۔
سیاسی تجزیہ کار عامر متین نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ میں مرد کی بالادستی رکھنے والے اس معاشرے میں عورت کے حق میں آواز اُٹھانے والی خواتین سے پوچھ گچھ میں میں خود بھی احتیاط برتتا ہوں، لیکن وسیم اکرم کی اہلیہ سے متعلق ریحام خان کی کتاب کے حوالہ جات پڑھ کر میں یہی کہوں گا کہ اگر یہ سب سچ ہے تو مجھے ان سے نفرت ہے۔

یہ غلیظ اور نیچ ہے۔
ایک صارف نے وسیم اکرم سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم نے ریحام خان کو عدالت لے جانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ریحام خان کے پاس چھُنے کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ میں ٹی وی اور سوشل میڈیا پر وسیم اکرم کی اہلیہ سے متعلق یہ سب دیکھ کر بہت غمگین ہوں، اگر ریحام خان نے اپنی کتاب میں واقعہ یہ سب لکھا ہے تو یہ شرمناک ہے۔

وسیم اکرم کی اہلیہ اس دنیا میں موجود نہیں ہیں،ریحام خان خود بھی ایک ماں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وسیم اکرم پاکستان کے لیجنڈ اور ہیرو ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ تین چار روز سے ریحام خان کی کتاب موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ ریحام خان نے اپنی کتاب میں وسیم اکرم ، حمزہ علی عباسی ، مراد سعید ، زلفی بخاری، پی ٹی آئی کی خاتون رہنما عندلیب عباس اور عظمیٰ کردار پر گھناؤنی نوعہیت کے الزامات عائد کیے ۔

ریحام خان نے اپنی کتاب میں عمران خان کے قریبی ساتھیوں زلفی بخاری ، وسیم اکرم اور انیلہ خواجہ پر جنسی نوعیت کے الزامات عائد کیے ہیں۔ کتاب کے صفحہ 243،417 اور 458 پر انیلہ خواجہ پر عمران خان کے ساتھ تعلقات کا الزام عائد کیاگیا ۔ کتاب میں انیلہ خواجہ کو چیف آف حرم قرار دیا گیا۔ صفحہ 402 اور 572 پر وسیم اکرم کی مرحومہ بیوی سے متعلق نہایت گھناؤنے الزامات عائد کیے گئے ۔

ان الزامات پر گذشتہ روز وسیم اکرم سمیت چار افراد نے ریحام خان کو قانونی نوٹس بھجوایا۔ گذشتہ روز نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے وسیم اکرم کی مرحوم اہلیہ، انیلہ خواجہ اور دیگر خواتین پر لگائے گئے الزامات کی تصدیق بھی کی ۔ علاوہ ازیں ریحام خان کا کہنا تھا کہ حمزہ علی عباسی نے میری ای میل اور کتاب ہیک کرکے جرم کیا ہے۔

ریحام خان نے حمزہ عباسی پر کتاب کا مواد چُرانے کا الزام عائد کرکے 2 دن سے پھیلنے والے کتاب کے مواد کی تصدیق کر دی ہے۔ ریحام خان کا کہنا تھا کہ کتاب کے مواد سے متعلق تردید نہیں کروں گی۔ اہلیہ سے متعلق ریحام خان کے الزامات پر بات کرتے ہوئے پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے اس عورت پر الزامات لگائے ہیں جو اپنا دفاع کرنے کیلئے دنیا میں موجود ہی نہیں ہے۔ وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ اگر ریحام خان نے واقعی اپنی کتاب میں غلط باتیں تحریر کی ہیں، تو وہ ان کیخلاف قانونی کاروائی کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات