الیکشن کمیشن ضلع اوکاڑہ کے دفتر سے عملہ غائب ،

امیدواروں ،ووٹر ز کو شدید مشکلات کا سامنا

منگل 5 جون 2018 15:29

اوکاڑہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) الیکشن کمیشن ضلع اوکاڑہ کے دفتر سے عملہ غائب ، امیدواروں سمیت ووٹر ز کو شدید مشکلات کا سامنا ، موقع پر موجود عملہ معلومات دینے سے انکاری ،امیدواروں اورووٹرز نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے دفتر کے عملہ کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کا شیڈول آنے کے بعد سے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں اور ان کے سپورٹرز اپنے امیدواروں کے کاغذات مکمل کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کے مقامی دفتر جارہے ہیں لیکن الیکشن کمیشن ضلع اوکاڑہ کے دفتر سے الیکشن کمیشن کا عملہ غائب ہو تا ہے جس پر ہر کسی کئی گھنٹوں انتظار کے بعد اگلے دن کا ٹائم دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں اور ان کے سپورٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

اگر دفتر میں عملے کا کوئی ملازم موجود ہوتا بھی ہے تو وہ ہر کسی قسم کی معلومات دینے سے انکار کرکے دوسرے کے پاس جانے کا کہ کرچلتا بنتا ہے اور وہ شخص اس کو اگلی تاریخ دے دیتا ہے ۔ جب الیکشن کمیشن کے آفیسر محمد سلیم سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میرے عملہ سے بات کرو ۔ الیکشن کمیشن آفس کے اس رویہ کے خلاف ووٹرز اور امیدواروں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ عملہ کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے تاکہ عوامی مشکلات حل ہو سکیں ۔