ترقیاتی سکیموں کے کاموں کی معیاری و بروقت تکمیل ،تمام محکموں کی مشترکہ ذمہ داری ہے،کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ

منگل 5 جون 2018 19:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جون2018ء) کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ نے کہا ہے کہ ترقیاتی سکیموں کے کاموں کو معیاری اور بروقت تکمیل تک پہنچانا تمام محکموں کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ عوامی مفاد کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات جلد از جلد لوگوں کو ملنا شروع ہو جائیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو اپنے دفتر میں ڈویژنل آپریشنز کمیٹی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ٹانک ، اے ڈی سی ڈیرہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، محکمہ فنانس،سی اینڈ ڈبلیو اور محکمہ تعلیم کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی،اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ تعلیم ، صحت، ریونیو کے شعبوں میں بے شمار ترقیاتی سکیمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں اور بعض سکیموں کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور خامیوں کو دور کرنے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر نے وزٹ کی گئی ترقیاتی سکیموں سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی اور مختلف محکموں میں ترقیاتی سکیموں کی پراگرس سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ حکام بالا کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ڈویژنل آپریشنز کمیٹی کا ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں اجلاس طلب کیا جائے تاکہ جاری ترقیاتی سکیموں سے متعلق معلومات شیئر کی جا سکیں۔

اس موقع پر کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل مانیٹرنگ کمیٹی کی رپورٹ پر ترقیاتی سکیموں کے معیار کو جانچا جائے گا، تمام متعلقہ محکمے اپنی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ترقیاتی سکیموں کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور خامیوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں جن سکیموں کے پی سی -ون ، جگہوں کے انتخاب وغیرہ میں کوئی رکاوٹ درپیش ہو تو فوری طور پر متعلقہ محکموں کے نوٹس میں لائیں۔ کام کی رفتار اور معیار کو خود بھی چیک کریں،عوامی مفاد کے کاموں میں کسی طرح کی رکاوٹ اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :