رواں سال 2018ء کے اختتام تک گوادر پورٹ فری زون میں کم از کم 10 صنعتی ادارے پیداواری عمل شروع کردیں گے

بدھ 6 جون 2018 10:40

رواں سال 2018ء کے اختتام تک گوادر پورٹ فری زون میں کم از کم 10 صنعتی ادارے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) رواں سال 2018ء کے اختتام تک گوادر پورٹ فری زون میں کم از کم 10 صنعتی ادارے پیداواری عمل شروع کردیں گے۔ جن میں خوردنی تیل ‘ پام آئل کے پراسیسنگ یونٹس سمیت آٹو موٹو اور سروسز کی صنعتیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی پاکستان ( سی او پی ایچ سی) کے چیئرمین ژینگ ہائو ژونگ نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ فری زون میں مختلف صنعتوں کے قیام کے لئے پہلے مرحلے میں 300 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جاچکی ہے جبکہ رواں سال کے اختتام تک صنعتی اداروں کی تکمیل پر مزید 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فری زون میں رواں سال کے اختتام تک مکمل ہونے والے 10 صنعتی اداروں میں چھ صنعتی ادارے چین جبکہ چار صنعتیں مقامی صنعت کار لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت قائم کئے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز میں چین سمیت دیگر کئی ممالک کے سرمایہ کار سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ جس سے پاکستان کی صنعتی و اقتصادی ترقی کے فروغ میں مدد ملے گی۔