پاکستانی نژاد فرانسیسی بزنس مین فرانس کے ساتھ تعلقات اور ملکی مصنوعات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں

سفیر معین الحق کا پاکستانی نژاد فرانسیسی تاجروں ،کاروباری شخصیات ، سرمایہ کاروں اور تاجروں کی پہلی گول میز کانفرنس سے خطاب

بدھ 6 جون 2018 16:50

پاکستانی نژاد فرانسیسی بزنس مین فرانس کے ساتھ تعلقات اور ملکی مصنوعات ..
پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) فرانس میں پاکستا ن کے سفیر معین الحق نے پاکستانی نژاد فرانسیسی کاروباری شخصیات پر زور دیا ہے کہ وہ معیاری مصنوعات اور فرانس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو فرغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ بدھ کو پیرس سے یہاں موصولہ پیغام کے مطابق معین الحق نے ان خیالات کا اظہار پاکستانی سفارتخانہ میں منعقدہ پاکستانی نژاد فرانسیسی تاجروں ،کاروباری شخصیات ، سرمایہ کاروں اور تاجروں کی پہلی گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور فرانس کے کاروباری افراد اور تاجروں کے درمیان روابط بنانے میں مدد دیں اور اس ضمن میں اپنی تمام توانائیاں اور تجربہ بروئے کار لائیں تاکہ دونوں ممالک کی موجودہ دوطرفہ تجارت میں اہم ترین تبدیلیوں کے اغراض و مقاصد پورے کئے جا سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس ضمن میں پاکستانی نژاد فرانسیسی تاجروں کی ایسو سی ایشن قائم کرنے کی تجویز بھی دی جو کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں سود مند اور موثر ہوگی۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ فرانس میں پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے پیرس میں منعقد ہونے والی تمام بین الاقوامی نمائشوں، تجارتی میلوں اور ایکسپوز میں بھر پور شرکت کی جائے گی۔ قبل ازیں فرانس میں پاکستان کے کمرشل قونصلر معین الدین وانی نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کی مو جودہ صورتحال اور مستقبل کے امکانات بار ے مجموعی جائزہ پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :