چینی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے ملکی صنعت ترقی کرے گی ‘ افتخار بشیر

سپیشل اکنامک زونز میں چینی سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں چھوٹ،سرمایہ کار پاکستان میں صنعتی یونٹ لگائیں گے بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی ،زرمبادلہ کے ذخائربڑھیں گے‘صدرگرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن

جمعرات 7 جون 2018 14:30

چینی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے ملکی صنعت ترقی کرے گی ‘ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2018ء) صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے چین کے آٹھ رکنی تجارتی وفد کی راولپنڈی چیمبرز میں آمد اور چینی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے ملکی صنعت ترقی کرے گی کیونکہ چینی کمپنیوں کے پاس مہارت اور وسیع تجربہ ہے جس کے باعث چینی کمپنیاں پوری دنیا میں شہرت حاصل کررہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کے ساتھ ملک بھر میں قائم سپیشل اکنامک زونز میں چینی سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں چھوٹ سے سرمایہ کار پاکستان میں صنعتی یونٹ لگائیں گے جس سے ملک بھر میں روزگار کے لاکھوں مواقع دستیاب ہونگے اور بے روزگاری جیسا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا ۔انہوںنے کہا کہ ملک بھر میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور حکومتی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے حکومت کو غیر ملکی قرضوں سے بھی نجات ملے گی اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔