سعودی عرب ،ایران سے دہشت گردی کے تربیت یافتہ چار مجرموں کو سزائے موت

عدالت نے ان تمام ملزمان کا سفری انتظام کرنے والے سیاحتی دفتر کو بھی بند اور اس کا لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دیدیا

جمعہ 8 جون 2018 12:29

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) سعودی عرب میں ایک خصوصی فوجداری عدالت نے چار افراد کو ایران میں عسکری تربیت کے بعد دہشت گردی کا سیل تشکیل دینے کے الزام میں قصور وار قرار دے کر سزائے موت کا حکم دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق چار افراد پر مشتمل اس گروپ نے ایران میں سپاہ پاسداران انقلاب کے کیمپوں میں ہتھیار چلانے ، دھماکا خیز مواد کے استعمال ، گلیوں اور بازاروں میں لڑائی اور سکیورٹی ایجنسیوں سے چھپنے کی تربیت حاصل کی تھی۔

(جاری ہے)

ایک سیاحتی دفتر نے انھیں بھرتی کیا تھا اور اسی نے ان کے ایران آنے جانے کا بندوبست کیا تھا۔انھوں نے وہاں ہتھیار چلانے کی تربیت حاصل کرنے اور فوجی مشقوں کے بعد سعودی عرب میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے سیل تشکیل دیا تھا۔اس کا مقصد سعودی مملکت کے اتحاد اور استحکام کو نقصان پہنچانا تھا۔چاروں مجرموں کو دھماکا خیز مواد کی تیاری اور سعودی عرب میں بم دھماکے کرنے کی بھی تربیت دی گئی تھی۔اس گروپ نے مملکت میں بعض شخصیات کو قتل کرنے کی بھی سازش تیار کی تھی۔عدالت نے ان کا سفری انتظام کرنے والے سیاحتی دفتر کو بند اور اس کا لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔