شکیب الحسن انٹرنیشنل کرکٹ میں 10ہزار سے زائد رنز بنانے اور 500 وکٹیں مکمل کرنے والے دنیا کے تیسرے آل رائونڈر بن گئے

جمعہ 8 جون 2018 16:53

ڈیرا دون ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2018ء) سٹار بنگلہ دیشی آل رائونڈر شکیب الحسن نے انٹرنیشنل کرکٹ میں کیریئر کی 500 وکٹیں مکمل کر لیں، اسطرح وہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی تینوں فارمیٹس میں 10 ہزار سے زائد رنز بنانے اور 500 یا زائد وکٹیں لینے والے دنیا کے تیسرے آل رائونڈر بن گئے ہیں، انہوں نے افغانستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں ایک وکٹ لیکر انٹرنیشنل کرکٹ میں کیریئر کی 500 وکٹیں مکمل کر کے یہ اعزاز حاصل کیا، انہوں نے مجموعی طور پر 302 میچز کھیل کر کیریئر کی 500 وکٹیں مکمل کیں، شکیب نے ٹیسٹ میچز میں 188، ون ڈے میں 235 جبکہ ٹی ٹونٹی میں 77 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، انہوں نے تینوں فارمیٹس میں 500 وکٹیں اور 10 ہزار سے زائد رنز بنا رکھے ہیں، اس سے قبل سابق پاکستانی آل رائونڈر شاہد خان آفریدی اور جنوبی افریقہ کے جیک کیلس بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، کیلس نے تینوں فارمیٹس میں 25534 رنز اور 577 وکٹیں لے رکھی ہیں جبکہ شاہد آفریدی نے 11196 رنز اور 541 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔