پشاور،سی این جی سے چلنے والی گاڑیوںاور ان میں سفر کرنے والوں کی سیفٹی اور سیکورٹی سے متعلق اہم اجلاس

جمعہ 8 جون 2018 18:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر خالد الیاس کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کوہا ٹ صاحبزادہ سمیع اللہ کی زیرصدارت جمعہ کے روزڈی سی کیمپ آفس میں سی این جی سے چلنے والی گاڑیوںاور ان میںسفر کرنے والوں کی سیفٹی اور سیکورٹی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میںریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی،موٹر وہیکل ایگزامینر،ٹی ایم اے اور گاڑیوں کے مالکان کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں سی این جی کی وجہ سے حادثات کے روک تھام کے لئے مختلف آپشنز پر تفصیلی غور کیا گیا اوراس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کوہاٹ میںانڈس ہائی وے پر حالیہ المناک حادثہ پبلک ٹرانسپورٹ کے ڈرائیور کی غفلت کا نتیجہ تھاجس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ گاڑیوں کے مالکان کی جانب سے سی این جی سیفٹی رولز1992،اوگرا آرڈیننس 2002اور ایچ ڈی آئی پی ایکٹ 2006پر عملدرآمد نہیں کیا جاتاجو بڑے حادثات کاسبب بنتاہے۔

اجلاس میںاس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ڈرائیورز کو بے احتیاطی سے اجتناب کرنے اورمالکان کو کوہاٹ میں قائم ایچ ڈی آئی پی کی منظور کردہ سی این جی ٹسٹنگ سٹیشن میں گاڑیوں کی سی این جی سلینڈرز کی باقاعدگی سے ٹسٹنگ کا پابند کیا جائے گا۔صاحبزادہ سمیع اللہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حادثات کی روک تھام کے لئے عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے ٹریفک پولیس اور میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گاڑیوں کی سیفٹی و سیکورٹی اورمستقبل میں المناک حادثات کے روک تھام کے لئے مختلف اقدامات ضلعی انتظامیہ کے زیرغور ہیں جنہیں تما م سٹیک ہولڈرزکی باہمی مشاورت سے عملی جامہ پہنایا جائے گا۔بعد ازاں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے کوہاٹ میں راولپنڈی روڈ پر زمان سی این جی سٹیشن کے نزدیک قائم ایچ ڈی آئی پی کی منظور کردہ سی این جی ٹسٹنگ سٹیشن کا بھی دورہ کیا اور اس کے مختلف حصے دیکھے۔