اسرائیلی فوج نے ظلم کی انتہائی حدوں کو چھو لیا،

آنسو گیس شیل فلسطینی نوجوان کے چہرے پر پھٹ گیا نوجوان کا چہرہ شدید زخمی ، منہ سے دھواں نکلنے لگا، آپریشن کر کے جان بچا لی،اسرائیلی ظلم کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

ہفتہ 9 جون 2018 15:23

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) اسرائیلی فوج نے ظلم کی انتہائی حدوں کو چھو لیا، اسرائیلی فوج کا آنسو گیس شیل فلسطینی نوجوان کے چہرے پر پھٹ گیا،نوجوان کا چہرہ شدید زخمی اور منہ سے دھواں نکلنے لگا، فوری آپریشن کر کے نوجوان کی جان بچا لی گئی،اسرائیلی بربریت کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعے کے روز منظر عام پر آنے والی تصاویر میں غزہ پٹی میں ایک فلسطینی نوجوان کے چہرے کو اسرائیلی فوج کی جانب سے داغے جانے والے آنسو گیس کے ایک شیل کا براہ راست نشانہ بنتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

برطانوی اخبار "ڈیلی میل" کے مطابق یہ تصاویر خان یونس شہر کے مشرق میں لی گئیں جہاں مذکورہ شیل کے لگنے کے بعد 23 سالہ فلسطینی نوجوان ہیثم ابو سبلہ کو زمین پر پڑے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کا چہرہ خون میں لت پت ہو گیا اور اس کے منہ سے دھواں نکلتا دکھائی دے رہا ہے۔مظاہرین نے فوری طور پر اس فلسطینی نوجوان کو غزہ میں ایک ہسپتال پہنچایا۔ ڈاکٹروں نے اس ے آئی سی یو میں رکھا اور پھر اس کا فوری آپریشن کیا گیا تا کہ چہرے سے آنسو گیس کے شیل کے ٹکڑے نکالے جا سکیں۔

آپریشن کے بعد نوجوان کی حالت بہتر ہے۔واضح رہے کہ جمعے کے روز غزہ پٹی اور اسرائیل کے درمیان سرحد کے نزدیک قابض فوج کی جانب سے مظاہرین پر اندھا دھند طریقے سے گیس کے شیل داغے گئے جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔