عالمی سلامتی کونسل، پانچ غیر مستقل ارکان کا انتخاب

رکن ممالک اپنی نشستیں یکم جنوری2019 سے سنبھالیں گے،اجلاس میں 190 ممالک نے شرکت کی

ہفتہ 9 جون 2018 15:23

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جون2018ء) عالمی سلامتی کونسل کے پانچ غیر مستقل ارکان کا انتخاب کر لیا گیا،رکن ممالک سلامتی کونسل میں اپنی نشستیں یکم جنوری2019 سے سنبھالیں گے،جنرل اسمبلی کے اجلاس میں 190 ممالک نے شرکت کی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جمعہ آٹھ جون کو ہونے والی رائے شماری کے نتیجے میں جرمنی، بیلجیم، جنوبی افریقہ، ڈومینیکن ریپبلک اور انڈونیشیا سلامتی کونسل کے غیر مستقل اراکین منتخب ہو گئے۔

(جاری ہے)

یہ ممالک سلامتی کونسل میں اپنی نشستیں یکم جنوری2019 سے سنبھالیں گے۔ انڈونیشیا نے سلامتی کونسل کی رکنیت کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں مالدیپ کے 46 ووٹوں کے مقابلے میں 144 ووٹ حاصل کیے۔ جرمنی، بیلجیم، جنوبی افریقہ اور ڈومینیکن ریپبلک بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ بلا مقابلہ منتخب ہونے کے باوجود ضوابط کے تحت جنرل اسمبلی کے دو تہائی ارکان نے سلامتی کونسل کی رکنیت کے لیے ان ممالک کی توثیق کی۔ جمعے کے دن جنرل اسمبلی کے اجلاس میں 190 ممالک شریک تھے۔