مسلم لیگ(ن) آئندہ انتخاب کی یقینی فاتح جماعت ہے،سید زیشان علی نقوی

بے وفائی کرنے والوںکی آنکھیں بہت جلد کھل جائیں گی لیکن تب تک واپسی کے دروازے بند ہوچکے ہونگے،ڈپٹی میئر اسلام آباد مسلم لیگ(ن) کی کشتی کو ڈوبتی کشتی کہنے والوں کی آنکھیں بہت جلد کھل جائیں گی لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی ہوگی،مسلم لیگی رہنما

اتوار 10 جون 2018 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2018ء) ڈپٹی میئر اسلام آباد، حلقہ این ای53اسلام آباد سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار قومی اسمبلی سیدزیشان علی نقوی نے کہاہے کہ قائد میاں نوازشریف کے ساتھ ساتھ بے وفائی کرنے والوں کو تارے نظر آنے شروع ہو گئے ہیں،بہت جلدپارٹی چھوڑکر جانے والوں کو اپنی غلطی کی سنگینی کا احساس ہو جائے گا،کیونکہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام نے متفقہ فیصلہ قائد میاں نوازشریف کے حق میں سنا دیا ہے،پاکستان مسلم لیگ(ن) آئندہ انتخابات کی یقینی فاتح جماعت بن کر سامنے آئے گی ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی کشتی کو ڈوبتی کشتی کہنے والوں کی آنکھیں بہت جلد کھل جائیں گی لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی ہوگی،قوم کے اعتماد اور میاں نوازشریف کے ساتھ والہانہ محبت کو دیکھ کر یقین ہوگیا ہے کہ قائد میاں نوازشریف کی قیادت میں پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ مسلم لیگ(ن) جیت کر حکومت بنائے گی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ ہماری مخالف قوتوں کی تمام تر سازشیں آخری سانسیں لے رہی ہیں،پاکستان مسلم لیگ(ن ) کی قیادت سیاسی سازشوں کے گڑھ سے سرخرو ہوکرنکلے گی،تباہی کی طرف جاتی ہوئی ملکی معیشت او رعام پاکستانی کے مسائل کا واحد حل پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہے جس نے گذشتہ پانچ سالوں میں اپنے ہر انتخابی وعدے کویقین میں بدل کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں حقیقی جمہوری قیادت میاں نوازشریف ہی ہیں۔

سید زیشان علی نقوی نے کہاکہ پیارے پاکستان کو مکمل تباہی سے بچانے کیلئے پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے گٹھ جوڑ کے خاتمے کیلئے قائد میاںنوازشریف کا ساتھ دیں اورپیارے ملک پاکستان کودنیاکا ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے میدان عمل میں نکلیں۔