مسلم لیگ ن کا سرمایہ اور اثاثہ اس کے ورکر ہیں

آمرانہ دور میں جس طرح مسلم لیگ ن کے ورکروں نے صعوبتیں برداشت کیں اور جیلوں کا سامنا کیا وہ ایک ریکارڈ ہے،مشترکہ بیان

اتوار 10 جون 2018 21:40

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2018ء) مسلم لیگ ن کا سرمایہ اور اثاثہ اس کے ورکر ہیں،کیونکہ آمرانہ دور میں جس طرح مسلم لیگ ن کے ورکروں نے صعوبتیں برداشت کیں اور جیلوں کا سامنا کیا وہ ایک ریکارڈ ہے،جسے سامنے رکھ کر انتخابات میں ٹکٹوں کے ضمن میں فیصلے کرنے ہوںگے جبکہ پارٹیاں بدلنے والے لوگوں کا اس جماعت پر کوئی حق نہیں ہے اور نہ ہی ورکر انہیں پسند کرتے ہیں کیونکہ اسی پسند نا پسند نے مسلم لیگ ن کی پالیسیوں کو نقصان پہنچایا ہے ،ان خیالات کااظہار کونسلر بلدیہ جہلم راجہ ظفراقبال ،ممتاز تاجر راہنما خواجہ ناصر ڈار نے آج انتخابات میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مسلم لیگ ن کی ٹکٹوں کی تقسیم کے ضمن میں کیا انہوں نے کہا کہ جہلم میں میاں نوازشریف کا جلسہ ہی اس بات کا ثبوت ہے کہ جہلم میں مسلم لیگ کے کتنے گروپ ہیں اگر قائدین ورکرز کو ساتھ لے کر چلتے اور انہیں اعتماد دیتے تو شاید میاں نوازشریف کے جلسے میں انسانوں کا ایک سمندر ہوتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب بھی الیکشن کے پارلیمانی بورڈ پر یہ ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ کارکنوں کو مایوس کرنے کی بجائے ووٹ کوعزت دینے کے ساتھ ساتھ ورکروں کو بھی عزت دی جائے اور انہیں ان کا مقام دیا جائے تبھی مسلم لیگ ن ضلع جہلم سے کلین سویپ کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے مرکزی اور صوبائی قیادت کو اس بات کی تحقیق کرنا ہوگی کہ ضلع جہلم جو کہ مسلم لیگ ن کا ناقابل مسمار قلعہ تھا اسے کن لوگوں نے دھڑوں میں تقسیم کیا اور آج یہاں پر عجیب سیاسی صورتحال ہے جس کیلئے قیادت کو ایک جامع حکمت عملی بنانا ہوگی تاکہ ضلع جہلم کو پھر ناقابل مسمار قلعہ بنایا جا سکے۔