عجمان: کم سن لڑکی گھر میں مُردہ پائی گئی

لاش کے پاس ڈپریشن کے حوالے سے ایک کتاب بھی برآمد ہوئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 11 جون 2018 12:04

عجمان: کم سن لڑکی گھر میں مُردہ پائی گئی
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جُون 2018ء) عجمان کے علاقے الرودھامیں واقع ایک گھر سے کم عمر لڑکی کی رسی سے جھُولتی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق یمن سے تعلق رکھنے والی متوفیہ نے خود کُشی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کو صبح پانچ بجے کے قریب لڑکی کے گھر والوں کی طرف سے فون آیا‘ جس میں بتایا گیا تھا کہ اُن کی بیٹی نے پھندے سے جھُول کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔

عجمان پولیس کے کمانڈر انچیف ‘ میجر جنرل شیخ سلطان بن عبداللہ النعیمی نے بتایا کہ مذکورہ لڑکی کی لاش گھر کے باتھ رُوم میں رسی سے جھُولتی ہوئی مِلی۔ اُس کے پاس ہی ایک کتاب بھی پڑی تھی۔ جس کے ٹائٹل پر 'Unquiet Mind' درج تھا۔ طبی جانچ اور سی آئی ڈی کی ٹیموں نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے فرانزک لیبارٹری منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے کہ وہ کونسے حالات و واقعات تھے جن کے باعث لڑکی ایسا انتہائی قدم اُٹھانے پر مجبور ہوئی۔ اس کے علاوہ اس پہلو پربھی غور کیا جا رہا ہے کہ کیا لڑکی نے واقعی خود کُشی کی ہے۔ میجر جنرل عبداللہ النعیمی کا کہنا تھا کہ لڑکی کی لاش کے پا س سے ملنے والی کتاب کا یہ مطلب نہیں کہ یہی اُس کی موت کاسبب بنی‘ البتہ یہ خود کُشی کے پس پردہ عوامل میں سے ایک وجہ ضرور ہو سکتی ہے۔

عبداللہ النعیمی نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں پرخصوصاً اُن کی بلوغت کے دور کے آغاز میں خصوصی نظر رکھیں کہ وہ کیا پڑھ رہے ہیں اور انٹرنیٹ پر کیا دیکھ رہے ہیں۔ تاکہ اُنہیں مختلف خطرات کا شکار ہونے سے بچایا جا سکے۔ جب بلوغت کا مرحلہ شروع ہوتا ہے تو لڑکے لڑکیاں زندگی میں نئے قسم کے تجربات اور احساسات کا سامنا کرتے ہیں۔ اس اہم دور میں کئی ایسی کتابیں اور ویب سائٹس ہیں جو بچوں کے ذہنوں کو متاثر کرتی ہیں اور اُنہیں ڈپریشن کے مرض سے دوچار کر سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :