Live Updates

نواز شریف کے وکیل تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں،شاہ محمود قریشی

پیر 11 جون 2018 13:12

نواز شریف کے وکیل تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں،شاہ محمود قریشی
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نواز شریف کے وکیل کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) سے قوم مایوس ہو چکی، عمران خان کی قیادت میں ایک نئی جدوجہد کی جارہی ہے ، ہماری جمہوری پارٹی میں لوگوں کو اختلافات ہو سکتے ہیں ، پیپلز پارٹی سیاسی کھیل سے آوٹ ہوچکی ہے ، مجھے تیر کمان سے نکلتا دیکھائی نہیں دے رہا ،شیر بھی بکری بن چکا ،جاوید ہاشمی سینئر سیاستدان ہیں جو بھی فیصلہ کریں گے سوچ سمجھ کر کریں گے۔

پیر کو ملتان میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے ریٹرنگ آفیسر کے پاس پیش ہونے کے بعد مخدوم شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے این اے 156 ،پی پی 216 اور پی پی 217 میں کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، ٹکٹوں کی تقسیم میں تمام امیدواروں کو بلا کر پرکھا گیا ، ایک ایک امیدوار پر غور وفکر کرکے ٹکٹ جاری کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں سلام پیش کرتا ہوں ان کارکنوں کو جنہوں نے تحریک انصاف کے دھرنوں میں شرکت کی، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ٹکٹوں کی تقسیم پر آنے والی شکایات کو دیکھے گی ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز کی حکومت سے قوم مایوس ہو چکی ہے، عمران خان کی قیادت میں ایک نئی جدوجہد کی جارہی ہے ، ہماری جمہوری پارٹی میں لوگوں کو اختلافات ہو سکتے ہیں ، پیپلز پارٹی سیاسی کھیل سے آوٹ ہوچکی ہے ، مجھے تیر کمان سے نکلتا دیکھائی نہیں دے رہا اور شیر بھی بکری بن چکا ہے ۔جاوید ہاشمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سینئر سیاستدان ہیں جو بھی فیصلہ کریں گے سوچ سمجھ کر کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات