عوام کے مسائل حل کرنابلدیہ وسطی کی اوّلین ترجیح ہے : ریحان ہاشمی

پیر 11 جون 2018 17:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنا بلدیہ وسطی کی اوّلین ترجیح ہے کیونکہ بلدیاتی اداروں کے قیام کا مقصد ہی انسانیت کی خدمت ہے ۔ وہ اپنے دفتر میں آنے والے علاقہ مکینوں سے گفتگو کررہے تھے جو اپنے اپنے صفائی، اور سیوریج کے مسائل بارے میں شکایات لے کر چیئرمین کے پاس آئے تھے۔

لوگوں نے بتایا کہ اُن کے علاقوں میں بروقت کچرا نہ اٹھنے اور سیوریج لائن سے گندے پانی کے رسائو نے لوگوں کی آمد ورفت میں مسائل پیداکردئیے ہیں خصوصاً پیدل چلنے والے افراد زیادہ پریشانی کاشکار ہیں۔جبکہ سڑکیں بھی جگہ جگہ سے ٹوٹی ہوئی ہیں۔ریحان ہاشمی نے شکایت کنندگان کے مسائل توجہ سے اوریقین دلایا کہ انکے مسائل عیدالفطر سے قبل حل کردئیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بلدیہ وسطی کا سینٹری ڈپارٹمنٹ افرادی قوت اور مشینری استعمال کرتے ہوئے دن رات صفائی میں مصروف ہے ۔ تاہم رمضان المبارک کی خریدار ی اور افطار پارٹیوں کی وجہ سے کوڑاکرکٹ زیادہ جمع ہورہا ہے، لیکن چاند رات سے قبل بلدیہ وسطی کا علاقہ صاف شفاف بنادیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیوریج لائن کے مسائل کی بنیادی وجہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے لاپرواہی ہے ۔

جس کی وجہ سے بلدیہ وسطی اپنے اخراجات پر سیوریج کی ناکارہ اور رسنے والی پائپ لائنوں کی مرمت کرواتی رہی ہے۔ دوسری جانب ناجائز تجاوزات شہر کی خوبصورتی پر بدصورتی کا داغ ہوتے ہیں۔ بلدیہ وسطی نے بارہا مئیر صاحبب کو یاددہانی کرائی ہے کہ وہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے شعبہء انسدادِ ناجائز تجاوزات کو ہدایت کریں کہ بلدیہ وسطی سے ناجائز تجاوزات ختم کرادیں کیونکہ یہ ذمہ داری شہری حکومت کی ہے ۔

لیکن ابھی تک کوئی خاطر خواہ اقدا م نہیں کیا گیا جس کے سبب سڑکوں کی مرمت اور استر کاری نہیں کی جاسکتی۔ بعد ازاں ریحان ہاشمی نے اپنے کوآرڈینیٹر کو ہدایت کی کہ بلدیہ وسطی کی تمام یوسیز کے اچانک دورے کے لئے پروگرام ترتیب دیا جائے تاکہ صفائی کے نظام کو وقتاً فوقتا چیک کیا جاسکے۔اور عیدالفطر پر عوام کو خوشگوار اور صاف و شفاف ماحول مہیا کیا جاسکے۔