کم جونگ انتہائی ذہین، زیرک انسان ہیں، وائٹ ہائوس مدعو کروںگا، امریکی صدر

کوریائی خطے میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا آغاز ،امریکا دنیا کے خطرناک ترین مسئلے کو حل کرنے میں کامیاب،ٹرمپ

منگل 12 جون 2018 15:23

کم جونگ انتہائی ذہین، زیرک انسان ہیں، وائٹ ہائوس مدعو کروںگا، امریکی ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان بہت ذہین ہیں اور وہ انہیں وائٹ ہائوس مدعو کریں گے، کوریائی خطے میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا آغاز بہت جلد ہو جائے گا،امریکا نے دنیا کے خطرناک ترین مسئلے کو حل کر دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان بہت ذہین ہیں اور وہ انہیں وائٹ ہاس مدعو کریں گے۔

انہوں نے یہ بات شمالی کوریا کے رہنما سے تاریخی مصافحے اور ملاقات کے بعد کہی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ کوریائی خطے میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کا آغاز بہت جلد ہو جائے گا۔ دونوں رہنماں کی ملاقات میں ایک دستاویز پر دستخط بھی کیے گئے ہیں، تاہم اس دستاویز میں درج مواد سے متعلق کوئی تفصیل فی الحال نہیں بتائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دونوں رہنماں کے درمیان ایک ہی ملاقات میں اور باقاعدہ سفارتی مذاکرات یا عمل کے بغیر ہی بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ کسی برسر اقتدار امریکی صدر کی شمالی کوریائی رہنما سے ملاقات کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ اس ملاقات کے بعد شمالی کوریا روانگی سے قبل کم جونگ ان نے کہا، یہ ملاقات نہایت تاریخی تھی اور دونوں ممالک نے ماضی کو پیچھے چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اب دنیا ایک بڑی تبدیلی دیکھے گی۔دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے کم جونگ ان کے ساتھ ایک خصوصی ربط پیدا کر لیا ہے اور اس لیے اب شمالی کوریا ایک بالکل مختلف ملک ہو گا۔ٹرمپ نے کہا، لوگ اس سے متاثر ہوں گے، لوگ اس سے خوش ہوں گے اور ہم دنیا کے ایک انتہائی خطرناک مسئلے کو حل کر رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ سے جب یہ پوچھا گیا کہ آیا وہ کم جونگ ان کو وائٹ ہاس آنے کی دعوت دیں گے، تو ٹرمپ کا کہنا تھا، بالکل دوں گا۔انہوں نے کہا کہ کم جونگ ان ایک ذہین اور سخت مذاکرات کار ہیں۔ میں نے محسوس کیا کہ وہ بہت باصلاحیت ہیں۔ میں نے محسوس کیا کہ وہ اپنے ملک سے بے حد محبت کرتے ہیں۔