ْ گورنرسندھ محمد زبیر سے گورنرہائوس میں خانہ کعبہ کے متولی شیخ محمد صالح الشیبی کی ملاقات

مسلم امہ کی مشکلات کے خاتمہ ، پاکستان کی سلامتی ، استحکام ، ترقی و خوشحالی اور پر امن انتخابی عمل کے لئے خصوصی دعا ئیں بھی کی گئیں متولی خانہ کعبہ کی آمداور دعائیں پاکستانی قوم کے لئے تحفہ سے کم نہیں۔ گورنرسندھ ۔ پاکستان سعودی عوام کا دوسرا گھر ہے ،ْ متولی خانہ کعبہ

منگل 12 جون 2018 15:34

ْ گورنرسندھ محمد زبیر سے گورنرہائوس میں خانہ کعبہ کے متولی شیخ محمد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر سے گورنرہائوس میں خانہ کعبہ کے متولی شیخ محمد صالح الشیبی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں مسلم امہ کی مشکلات کے خاتمہ اور پاکستان کی سلامتی ، استحکام ، ترقی و خوشحالی ، پاک سعودی عرب تعلقات میں مزید اضافہ کے لئے خصوصی دعا ئیں بھی کی گئیں۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ خانہ کعبہ کے متولی کی آمد صوبہ اور اس کے عوام کے لئے کسی اعزا ز سے کم نہیں،پاک سعودی عرب دو طرفہ برادرانہ تعلقات کے فروغ ،ہم آہنگی اور استحکام میں شیخ محمد صالح اہم کردار ادا کررہے ہیں ان کی خدمات کو پاکستانی عوام قدر کی نگا ہ سے دیکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے اہم ترین انتخابات کے موقع پر متولی خانہ کعبہ کی آمداور دعائیں پاکستانی قوم کے لئے تحفہ سے کم نہیں ،سعودی عرب کی اسلامی وحدت ، یکجہتی ، اتحاد اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے خدمات کو پاکستانی قوم عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، سعودی حکومت اور اس کے مقدس مقامات کے متولیوں ، علماء کرام اور سعودی عوام کے ہر مشکل مراحل میں پاکستانیوں کے لئے جذبات ان کے پاکستان سے والہانہ محبت کے عکاس ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں متولی خانہ کعبہ کی میزبانی کے فرائض میرے اور گورنرہائوس کے مکینوں کے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے ،متولی خانہ کعبہ کی پاکستان کی سلامتی ، استحکام ، ترقی و خوشحالی ، عام انتخابات کے پر امن انعقاد اور روشن مستقبل کے لئے خصوصی دعائیں پوری قوم کے لئے اثاثہ ہیں۔ ملاقات میں خانہ کعبہ کے متولی شیخ محمد صالح نے کہا کہ اسلامی نظریاتی ریاست پاکستان اسلام کا مضبوط قلعہ اور اسلامی دنیا کا طاقتور نگہبان ہے ،پوری اسلامی دنیا پاکستان کی خدمات کو قدر ومنزلت کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، پاکستان کے لئے پوری اسلامی امہ ہمیشہ فکر مند اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا گو ہے با الخصوص سعود ی عوام مضبوط ، طاقتور اورمستحکم پاکستان کی خواہاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میرا اور سعودی عوام کا دوسرا گھر ہے ،امید ہے کہ آئندہ انتخابات میں پاکستانی عوام ہر مشکلات کے باوجود ثابت قدم رہتے ہوئے ایسی قیادت کا انتخاب کرے گی جو پاکستا ن کو دنیا بھر میں ممتاز مقام دلانے کے ساتھ ساتھ اس کی ترقی وخوشحالی کے لئے کام کرے گی ۔ اس موقع پر متولی کعبہ کے صاحبزادہ ڈاکٹر عبد الرحمان الشیبی بھی موجود تھے ۔