Live Updates

مانسہرہ سے خواتین کے الیکشن لڑنے پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے مخالفت کر دی

انتخابی ٹکٹ واپس نہ لینے پر بنی گالا کے باہر دھرنے کی دھمکی

منگل 12 جون 2018 15:34

مانسہرہ سے خواتین کے الیکشن لڑنے پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے مخالفت کر ..
مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف ضلع مانسہرہ کے عہدیداران نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کی قیادت نے مانسہرہ سے خواتین امیدواروں کو دیئے گئے انتخابی ٹکٹ واپس نہیں لیے تو وہ کارکنوں کے ساتھ بنی گالہ کے باہر دھرنا دیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے پی ٹی آئی کے ضلعی نائب صدر رضا اللہ خان نے اجلاس کے دوران کہا کہ ہمارا معاشرہ خواتین کو انتخابات میں نامزد کرنے کی اجازت نہیں دیتا، لہٰذا انہیں دیئے گئے ٹکٹس واپس لینے چاہئیں اور اگر پارٹی نے ہمارا مطالبہ پورا نہیں کیا تو عمران خان کی رہائش گاہ، بنی گالہ کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔

پارٹی نائب صدر کی زیر صدارت اجلاس میں ضلع مانسہرہ کے حلقہ پی کے 30 اور پی کے 34 سے انتخابات کیلئے نامزد کیے گئے پارٹی امیداروں کے معاملے پر آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

رضا اللہ خان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں خواتین امیدوار، کارکنوں کے لیے ناقابل قبول ہیں اور اگر ان کی نامزدگی واپس نہیں لی گئی اور جیتنے والے امیدواروں کو ٹکٹ نہیں دیا گیا تو پارٹی کو ان مخصوص نشستوں پر ناکامی ہوسکتی ہے۔پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما تیمور رضا کا کہنا تھا کہ انتخابات میں لڑنے کے خواہش مند شہزادہ گستاسب خان اور سعید خان کے ساتھ بیٹھ کر انتخابات میں نامزدگی کے لیے فیصلہ کرنا چاہیے تھا لیکن ان کے مدمقابل خواتین کا ہونا ناقابل قبول ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات