آئی جی ریلوے کی جانب سے عید سے پہلے اور عید کے بعد سیکورٹی کو ہائی الرٹ رکھنے کا حکم، عملے کی چھٹیاں منسوخ

عید الفطر کے موقع پر ریلوے سکھر ڈویڑن میں سیکورٹی ہائی الرٹ، ٹرینوں، ریلوے اسٹیشنوں اور ریلوے ٹریک کی حفاظت کے لئے اضافی عملے کی ڈیوٹیاں لگادی گئیں

منگل 12 جون 2018 20:50

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2018ء) عید الفطر کے موقع پر ریلوے سکھر ڈویڑن میں سیکورٹی ہائی الرٹ، ٹرینوں، ریلوے اسٹیشنوں اور ریلوے ٹریک کی حفاظت کے لئے اضافی عملے کی ڈیوٹیاں لگادی گئیں، آئی جی ریلوے کی جانب سے عید سے پہلے اور عید کے بعد سیکورٹی کو ہائی الرٹ رکھنے کا حکم، عملے کی چھٹیاں منسوخ۔ بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر نصب شدہ کلوز سرکٹ کیمرے اور کنٹرول روم متحرک کردیے گئے، کوتاہی برتنے والے اہلکار کو فارغ کردیا جائے گا، ایس پی ریلوے باقر محی الدین گیلانی کا پولیس اہلکاروں کو انتباہ۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمٰن خان کی جانب سے ملک بھر کے تمام ڈویڑنوں کے ایس پیز کو سیکورٹی ہائی الرٹ کرنے کی فوری ہدایات جاری کردی گئی ہیں، ان ہدایات کے بعد سکھر ڈویڑن کے ایس پی ریلوے باقر محی الدین گیلانی نے ڈویڑن بھر کے تمام ایس ایچ اوز اور ان کے ماتحت عملے کو جاری کیے گئے احکامات میں کہا ہے کہ ڈویڑن کے تمام چھوٹے بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کری جائے، جبکہ بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر کلوز سرکٹ کیمرے اور کنٹرول روم متحرک کرتے ہوئے ان اسٹیشنوں پر سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگادی جائیں، جو مسافروں کی حفاظت کے علاوہ مشکوک افراد اور ان کے سامان پر خصوصی نظر رکھیں، حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عید کے موقع پر چلنے والی ٹرینوں کے اندر بھی اہلکاروں کی تعداد بڑھادی جائے اور تمام مسافر ٹرینوں کے انجنوں پر ریلوے پولیس کے خصوصی تربیت یافتہ کمانڈوز تعینات کردیے جائیں۔

(جاری ہے)

حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سکھر ڈویڑن کے ریلوے ٹریک کی حفاظت کے لئے پیٹرولنگ میں اضافہ کردیا جائے اور اس کے اوقات بڑھادیے جائیں۔ ایس پی ریلوے باقر گیلانی نے سکھر ڈویڑن کی ریلوے پولیس کے افسران و اہلکاروں کو انتباہ کیا ہے کہ اگر کوئی بھی اہلکار سرکاری ڈیوٹی، ریلوے املاک و مسافروں کی حفاظت کے معاملے میں کوتاہی کا مرتکب پایا گیا تو اسے ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔