پی ٹی آئی تمام محاذوں پر ناکام ہوکر خیبر پختونخوا کے عوام کا اعتماد کھو چکی ہے، سکندر حیات خان شیر پائو

بدھ 13 جون 2018 20:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی تمام محاذوں پر ناکام ہوکر خیبر پختونخوا کے عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ عوام جان چکی ہے کہ پی ٹی آئی کی تگ و دو پختونوں کے بہبود کی بجائے مرکز میں اقتدار کے حصول پر مرکوز ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گائوں شیرپائو میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر قمر خانے یونین کونسل شوڈاگ کے یوتھ کونسلر عمران نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سکندرشیرپائو نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کا مقصد تحت اسلام پر قبضہ کرنے کے سوا کچھ نہیں او روہ پختونوں کو کبھی تبدیلی تو کبھی 11نکات پر ٹرخا رہے ہیں جبکہ عملی طور پرپختونوں کے بہبود اور پسماندگی کے خاتمے کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پختونوں کے نام پر سیاست کرنے والوں نام نہاد علمبرداروں نے پختونوں کی تکالیف میں کمی کے بجائے مزید اضافہ کیا اور ان کی غلط پالیسیوں کی بدولت ان کی محرومیوں میں حد درجے اضافہ ہوا۔

انھوں نے کہا کہ آج تمام پختون قوم کی نظریں آفتاب احمد خان شیرپائو پر لگی ہوئی ہیں اور وہ سمجھ چکے ہیں کہ ان کی نمائندگی صرف اور صرف قومی پارٹی کرسکتی ہے جو عملی طور پر پختونوں کے بہبود اور ترقی و خوشحالی کیلئے برسرپیکار ہے۔انھوں نے کہا کہ پختون قوم کے حقوق کیلئے قومی وطن پارٹی ہر فورم پر آوازاٹھاتی رہے گی اور کسی صورت ان سے کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کریں گے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کا یہ نعرہ ہے کہ پختونوں کو عزت دو ،پختونوں کو تحفظ دواور اس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے قومی وطن پارٹی کے تمام کارکن پوری طرح متحرک ہوکرجدوجہد کریں گے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔