ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر کے زیر صدارت عید الفطر کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

عیدالفطر کے موقع پر ضلع میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے تمام ضلعی افسران کو ملکر اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت عیدکے موقع پر تمام اے کیٹگریز کی مساجد اور عید گاہوں میں سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹ لگائے جائینگے ‘ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر

بدھ 13 جون 2018 20:53

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر کے زیر صدارت عید الفطر کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میںتمام متعلقہ ضلعی افسران نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر نے اس موقع پر کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر ضلع میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے ہم سب نے ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہے تا کہ ملک دشمن عناصراپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں ۔

عیدالفطر کے موقع پر ضلع بھر میں تمام اے کیٹگریز کی مساجد اور عید گاہوں میں سی سی ٹی وی کیمرے اور واک تھرو گیٹ لگائے جائینگے اور تمام متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز خود انتظامات کا جائزہ لینگے ۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز متعلقہ ڈی ایس پیز کے ہمراہ ضلع کی تمام پارکس میں سیکورٹی کا جائزہ لینگے اور وہاں پر لگائے گئے جھولے اور دیگر تفریحی سا مان کو چیک کرینگے اور اس بات کو یقینی بنائینگے کہ متعلقہ محکموں کے این او سی کے بغیر جھولے لگانے کی ہرگز اجازت نہ ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے باالخصوص گنڈا سنگھ بارڈر کو جانیوالے راستوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری ڈی آر ٹی اے کو حکم دیا کہ وہ عید الفطر کے موقع پر ٹریفک پولیس کیساتھ ملکر اوورچارجنگ کرنیوالے ٹرانسپورٹروںاور ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف سخت کاروائی کرینگی ۔ انہوں نے محکمہ پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر میں سیکورٹی کے فو ل پروف انتظامات کریں تا کہ شہریوں کو مذہبی رسومات ادا کرنے کا بہترین ماحول میسر آسکے۔

انہوں نے چیف آفیسرز میونسپل کمیٹیز کو ہدایت کی کہ وہ عید الفطر کے موقع پر ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔انہوں نے باالخصوص واپڈا افسران کو ہدایت کی کہ وہ ان ایام میں لوڈ شیڈنگ نہ کریں اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ عیدالفطر کے موقع پر ریسکیو 1122کے ملازمین کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کیلئے چوبیس گھنٹے چوکس رہینگے ۔ محکمہ ہیلتھ کے افسران کو ہدایت کی کہ ٹی ایچ کیو اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو یقینی بنائینگے تا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے ۔