نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری دوست ماحول سے استفادہ کرنے کی دعوت

جاپانی سفیر نے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی کاوشوں کو سراہا

بدھ 13 جون 2018 21:10

نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری دوست ماحول سے استفادہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ وہ پاکستان میں جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے بدھ کو وزیراعظم آفس میں ان سے خیرسگالی ملاقات کی۔ جاپانی سفیر نے وزیراعظم شنزو ایبے کی نیک خواہشات پہنچاتے ہوئے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی بحالی اور نمو میں اضافہ کی بھی تعریف کی۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ ان کا ملک ایک دوست کی حیثیت سے دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم ناصر الملک نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور ترقیاتی تعاون کی طویل تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے جاپانی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری دوست ماحول سے استفادہ کی دعوت دی۔ جاپان کی طرف سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی قربانیوں و خدمات کے اعتراف کو سراہتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال کے بارے میں تاثر کو تبدیل کیا جائے۔ وزیراعظم نے جاپانی ہم منصب کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام ان کے دورہ کے شدت سے منتظر ہیں۔