انڈسٹری کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی سے بہت مسائل حل ہو سکتے ہیں‘میاں انجم نثا ر

ہر شعبہ میںخواتین کی نمائندگی کو مزید موثر بنانے کے اقدامات کر رہے ہیں‘نگران صوبائی وزیرصنعت و تجارت

جمعرات 14 جون 2018 16:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت و کامرس میاں انجم نثا رسے قطار بند روڈ کے صنعتکاروں اور پیاف ونگ کی خواتین کی الگ الگ ملاقاتیں۔قطار بند روڈ کے صنعتکاروں کے دفد کی سر براہی صدر قطار بند روڈ ایسوسی ایشن محمود غزنوی نے کی جبکہ وفد میں نائب صدر طاہر انجم،میاں نواز،خرم سلطان وغیرہ شامل تھے۔

وفد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ قطار بند روڈ پر بہت سے صنعتکار اپنے کاروبار کے ذریعے نیک شہرت کے حامل ہیں تاہم بجلی کی فراہمی میں دشواری،اوور بلنگ جیسے مسائل،ٹیکسوں کی بھرمار،سڑکوں کی خستہ حالی اور انڈسٹریز کے سامنے سڑکوں پر ریت کی ٹرالیوں کی بھرمار جیسے مسائل کی وجہ سے تاجر برادری کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

صدر محمودغزنوی نے صوبائی وزیر سے درخواست کی قطار بند روڈ کو انڈسٹریل اسٹیٹ کا درجہ دینے ان تمام مسائل کا حل یقینی ہو سکتا ہے۔

صوبائی وزیر انجم نثار نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ کیونکہ خود بھی تاجر برادری سے تعلق رکھتے ہیں ،اسلئے تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انڈسٹری کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کی اصل ذمہ داری ہے کہ شفاف ترین الیکشن یقینی بنائے مگر اس کے ساتھ آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ بحیثیت تاجر ایسے کام کروائوں گا کہ بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

بعد ازاں پیاف ونگ کی خواتین سے ملاقات میں انڈسٹری سے وابستہ خواتین کو درپیش مسائل اور ان کے حل بارے تفصیلی ملاقات ہوئی۔پیاف ونگ کی خواتین میں فیروز شاہد،عظمی ٰشاہد،طلعت حفیظ،نیلوفر سکندر اورناصرہ تسکین شامل تھیں۔خواتین ونگ نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ آپ کا تعلق چونکہ بزنس کمیونٹی سے ہے اور آپ نے ہمیشہ خواتین کی ہر میدان میں حوصلہ افزائی کی ہے اسلئے ہمیں یقین ہے کہ آپ کے مختصر دور میں صنعت سے وابستہ خواتین کو اپنے مسائل کے حل میں خاص پیش رفت نظر آئے گی۔

وفد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ چھوٹی بڑی صنعتوں میں ٹیکسز کے بڑھتے ہوئے ریٹس،ڈسپلے سینٹرز کا نہ ہونا،امپورٹ کا بڑھنا جیسے مسائل کی وجہ سے محرومیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔صوبائی وزیر نے وفد سے کہا کہ اپنی مصنوعات کے تشہیر کیلئے ڈسپلے سینٹر کی مناسب جگہوں کی لسٹ بنا کر دیں تاکہ اس پر تیزی سے کام کیاجا سکے اور خواتین میں احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔