عیدالفطر کی عبادات میں ملکی استحکام، ترقیو خوشحالی اور امن کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں،نگران وزیراعلیٰ بلوچستان

عید کے موقع پر غرباء، مساکین اور لاچار لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں،علاؤالدین مری کی عوام سے اپیل

جمعہ 15 جون 2018 18:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے تمام اہل وطن کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کہا کہ وہ اپنی عبادات میں ملکی استحکام، ترقی، خوشحالی اور امن کیلئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں ،اس مبارک دن کے موقع پر غرباء، مساکین اور لاچار لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عیدالفطر رمضان المبارک کے بعد اپنے پرہیزگار اور نیک بندوں کے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک انعام ہے جو پورے ماہ تزکیہ نفس کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کے لئے روزے رکھتے اور عبادات کا خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عیدالفطر کا دن ان تمام مسلمانوں کے لئے خوشیوں کا پیغام لے کر آتا ہے اور اس دن اللہ تعالیٰ اپنے متقی اور عبادت گزار بندوں سے خوش ہوکر ان کی تمام دعائیں قبول فرماتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن اس بات کا تقاضہ کرتاہے کہ ہم اپنی خوشیوں میں ان افراد کو بھی شامل کریں جو یہ دن منانے کی استطاعت نہیں رکھتے، پاکستان اور اسلام دشمن قوتیں ہمارے ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں لہٰذا موجودہ صورتحال کا تقاضہ ہے کہ اپنے گروہی اور لسانی اختلافات کو بھلا کراسلام اور پاکستان دشمن عناصر کے مقابلے میں اتحادواتفاق کے ساتھ ایک ہوجائیں اور انتہا پسندی، شرانگیزی اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئیں آج کے دن ہم اپنے ان سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کریں جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کی حفاظت کرے اور پوری مسلم امہ کو اتحاد ویکجہتی عطاء فرمائے اور دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائے۔