9 مئی کے واقعات میں ملوث مجرموں کو سزا ملنی چاہیے، حافظ طاہرمحمود اشرفی

جمعرات 9 مئی 2024 17:26

9 مئی کے واقعات میں ملوث مجرموں کو سزا ملنی چاہیے، حافظ طاہرمحمود اشرفی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2024ء) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث مجرموں کو سزا ملنی چاہیے،ریاست کیلئے سیاست قربان کی جا سکتی ہے ، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سیاسی استحکام لازم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں جامعہ منظورا لاسلامیہ لاہور کینٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علما کونسل ملک میں رواداری اور امن کے قیام کیلئے کوشش جاری رکھے گی ، پاکستان کے تمام مسائل کا حل مفاہمت کے ذریعے ممکن ہے ،ہمارا دشمن چاہتا ہے کہ فوج اور عوام میں خلا پیدا کیا جائے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل نو مئی کا جو واقعہ ہوا اس کی پاکستان کا کوئی بھی شہری حمایت نہیں کر سکتا بلکہ بھر پور مذمت کرتا ہے ،ماضی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محمد نواز شریف سمیت دیگر سیاسی لیڈرز گرفتار ہوتے رہے اوران کی گرفتاری پر کوئی 9 مئی جیسی صورتحال نہیں دیکھی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیا کوئی لیڈر کی محبت میں ملک کی دفاعی تنصیبات پر حملہ کرتا ہے ،سیاست سے زیادہ اہم ریاست ہوتی ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ 9 مئی کے واقعات میں گرفتاربے گناہ افراد رہا اور گناہگاروں کو سزا ملنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں کہ ملک میں بد امنی کون پھیلا رہا ہے،یہ حقیقت ہے نو مئی کو جو حملے کئے گئے وہ پہلے سے طے شدہ تھے جبکہ جی ایچ کیو، جناح ہائوس ،میانوالی اور پشاور میں حملہ کس نے پلان کیا اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کیلئے تمام سیاسی اور مذہبی قیادت کو آگے بڑھنا چاہیے جبکہ تحریک انصاف کی لیڈر شپ کو انتشار کی سیاست چھوڑ کر ملکی استحکام کیلئے آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل 9 مئی کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے انصاف کا مطالبہ کرتی ہے ، ہم کسی ایک سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں بلکہ ہم ریاست ، پاک فوج اور اداروں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دوبارہ ترقی کی جانب گامزن ہو رہا ہے ، اس سلسلے میں سعو دی عرب کے تجارتی وفود پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے آئے ہیں،یہ اسی صورت ممکن ہے جب ملک میں سیاسی استحکام ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں طاہر اشرفی نے کہا کہ جب پاکستان میں سیاسی استحکام آ ئے گا تو ہمارے دوست ممالک سعودی عرب ، قطر ،اومان اور چین ضرور پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے، اس حوالے سے پاکستان کے وزیر اعظم اور آرمی چیف دن رات محنت کر رہے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس طرح عراق ، شام اور لیبیا میں فوج اور عوام کو آپس میں لڑا کر حالات کو کشیدہ کرنے کوشش کی گئی، اسی طرح شر پسند عنا صر پا کستان میں پاک فوج اور عوام کو تقسیم کر کے آپس میں لڑانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں جو کسی صورت ممکن نہیں کیونکہ یہ ملک کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ ہم سب کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پورے ملک میں جمعةالمبارک کے خطابات استحکام پاکستان کے عنوان سے ہونگے جس میں 9 مئی کے واقعات کی بھر پور مذمت کی جا ئے گی ۔