امریکی شہری روس کے سفری پروگرام پر نظر ثانی کریں، امریکی محکمہ خارجہ کا انتباہ

بین الاقوامی تقریبات، ورلڈ کپ کا جم غفیر دہشت گردوں کا من پسند ہدف ہو سکتا ہے، امریکہ

پیر 18 جون 2018 14:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) دہشت گردی اور ہراساں کیے جانے کے ڈر کے پیش نظر امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں کو روس کے سفر سے متعلق انتباہ جاری کرتے ہوئے پروگرام پرنظرثانی کرنے کے لیے کہا ہے،بڑی سطح کی بین الاقوامی تقریبات، عالمی کپ، دہشت گردی کے نشانوں کا من پسند ہدف بن سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دہشت گردی اور ہراساں کیے جانے کے ڈر کے پیش نظر امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں کو روس کے سفر سے متعلق انتباہ جاری کرتے ہوئے پروگرام پر ''نظرثانی'' کرنے کے لیے کہا ہے۔

سفر کے بارے میں انتباہ تب جاری کیا گیاجب روس ملک بھر کے 11 مقامات پر عالمی کپ کے کھیلوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ بڑی سطح کی بین الاقوامی تقریبات، جیسا کہ عالمی کپ، دہشت گردی کے نشانوں کا من پسند ہدف بن سکتی ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ عین ممکن ہے کہ دہشت گرد ایسے مقامات پر حملہ کریں جہاں یہ تقریبات منعقد ہو رہی ہوں، جیسا کہ اسٹیڈیم، شائقین کے لیے مختص مقامات، سیاحوں کی دلچسپی کی جگہیں، حمل و نقل کے مراکز اور دیگر عام مقامات۔