انتخابات کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے عوام کے دوست نہیں ،نگراں حکومتوں پر بروقت پر امن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے، مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے پختون خواکے عوام کے قربانیوں کا کوئی صلہ نہیں دیا تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کا وقت اور صوبے کے وسائل ضائع کئے ،قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین افتاب احمد خان شیر پائو کا انتخابی مہم سے خطاب

منگل 19 جون 2018 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین افتاب احمد خان شیر پائو نے کہا ہے کہملک میں عام انتخابات وقت کی ضرورت ہیں ۔انتخابات کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے عوام کے دوست نہیں ۔ نگراں حکومتوں پر بروقت پر امن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہیں ۔ انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کے استعمال میں سنجیدگی ظاہر کرے۔

مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے پختون خواکے عوام کے قربانیوں کا کوئی صلہ نہیں دیا ۔ تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کا وقت اور صوبے کے وسائل ضائع کئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شبقدر میں سابقہ ایم پی اے اور قومی وطن پارٹی کے حلقہ پی کے 60سے نامزد امیدوار بابر علی مہمند کے حجرہ پر منعقدہ عید ملن پارٹی کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیر پائو اور بابر علی مہمند نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختون خواء کے عوام اس بار کسی تبدیلی کے نعروں میں نہیں آئیں گے اور 2013کے انتخابات کی غلطی نہیں دہرائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں میں صوبے کے عوام اور صوبے میں کوئی تبدیلی نظر نہ آسکی البتہ تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی کے زندگیوں میں واضح تبدیلی دیکھی جا سکتی ہیں ۔

عید ملن پارٹی سے قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پائو نے کہا کہ گذشتہ ادوار میں خیبر پختون خواء کے عوام نے بے تہاشا مالی اور جانی قربانیاں دی لیکن مرکزی حکومت کی عدم توجہ اور صوبائی حکومت کی لاپراہی اور نااہلیت کی وجہ سے صوبے کے عوام کو ان کے قربانیوں کا کوئی صلہ نہیں مل سکا جس کی وجہ سے آج بھی دہشت گردی سے متاثرہ صوبہ اور عوام زندگی کے بنیادی وسائل اور سہولیات سے محروم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام ان امیدواروں کا انتخاب یقینی بنائے جو ان کے مسائل کو نہ صرف حل کرنے میں مخلص بلکہ اہلیت کے بھی حامل ہو ۔ آفتاب احمد خان شیر پائو نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے کسی پیراشوٹ کو لانے کی کوشش نہیں کی بلکہ عوام کے درمیان موجود پارٹی کے مخلص اور اہل کارکنوں کو پارٹی ٹکٹ دیکر موقع دیا ہیں جبکہ تحریک انصاف نے عوام کے مفادات کے بجائے صرف ایسے امیدواروں کو ٹکٹ دی ہے جو پیسہ کے زور پر ووٹ لیکر اسمبلی تک پہنچ سکیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض قوتیں انتخابات کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی ہیں جو کہ ملک اور عوام کے مفاد میں نہیں انہوں نے نگراں حکومتوں سے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ وقت پر پرآمن اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے پر توجہ دیں گے ۔ آفتاب احمد خان شیر پائو نے کہا کہ قومی وطن پارٹی نے نہ صرف صوبے کے وسائل بڑھانے اور مرکز سے صوبے کے حقوق دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے بلکہ صوبے میں گذشتہ مختصر دور حکومت کے دوران ریکارڈ ترقیاتی منصوبے بھی مکمل کرد یئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چارسدہ سمیت پورے صوبے سے قومی وطن پارٹی کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے ۔