Live Updates

سُکھ بس تیرا پیار نی مائے۔۔

مریم نواز نے ٹویٹر پیغام میں والدہ کے ساتھ تصویر شئیر کر دی، جذباتی شعر بھی لکھ دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 20 جون 2018 16:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جون 2018ء) : سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز لندن کے اسپتال میں زیر علاج ہیں اور وینٹی لیٹر پر ہیں، بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی کے لیے شریف خاندان نے پاکستانی قوم سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ اس حوالے سے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنی والدہ کے ساتھ ایک تصویر شئیر کی، اور ساتھ ہی جذباتی پیغام بھی تحریر کیا۔

مریم نواز نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا دکھ دے بھانبڑ، چار چفیرے سکھ بس تیرا پیار نی مائے ۔ 
مریم نواز کے اس پیغام نے ٹویٹر پر موجود صارفین کو بھی اُداس کر دیا اور سب نے مریم نواز کو حوصلہ دیتے ہوئے ان کی والدہ بیگم کلثوم نواز کے لیے دعا کی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ عید سے قبل مریم نواز اور نواز شریف لندن روانہ ہوئے اور کہا جا رہا تھا کہ مریم نواز اور نواز شریف لندن میں عید گزار کر واپس آ جائیں گے لیکن لندن پہنچنے سے قبل ہی بیگم کلثوم نواز کی طبیعت بگڑی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، حالت تشویشناک ہونے پر ڈاکٹرز نے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا۔

لندن میں نواز شریف اور مریم نواز کی ڈاکٹر سے طویل ملاقات ہوئی جس میں ڈاکٹرز نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا مشورہ دیا۔ وینٹی لیٹر سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے ڈاکٹرز بیگم کلثوم نواز کی طبیعت کا جائزہ لیں گے۔ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو زیادہ وقت بیگم کلثوم نواز کے ساتھ گزارنے کا مشورہ دیا ہے جس کے باعث سابق وزیراعظم نواز شریف نے کلثوم نواز کی خراب طبیعت کے باعث وطن واپسی بھی موخر کردی ہے۔

گذشتہ رات موصول ہونے والی خبروں کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وینٹی لیٹرپر جانے کے بعد ایک بار بیگم کلثوم نوازنے آنکھیں بھی کھولیں ہیں۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کے اعضاء رئیسہ ٹھیک کام کر رہےہیں۔ جبکہ آج کچھ دیر قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کلثوم نوازکی طبیعت کے بارے میں کچھ دیرمیں بریف کروں گا، واضح رہے مسم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور تقریباً پچھلے ایک سال سے لندن میں زیرعلاج ہیں۔

کلثوم نواز کو گلے میں کینسر کا مرض لاحق ہے۔ان کی لندن اسپتال میں کیمو تھراپی بھی ہوچکی ہے۔ تاہم ابھی تک وہ ڈاکٹرز کے مشورے سےلندن میں ہی زیرعلاج ہیں۔ گذشتہ ہفتے بیگم کلثوم نواز کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ جس پر انہیں ہارلے اسٹریٹ کلینک میں داخل کروا دیا گیا۔ کلثوم نواز کی طبیعت اس قدر خواب ہوگئی کہ وہ اسپتال میں گر پڑی اور انہیں وینٹی لیٹر پرمنتقل کردیا گیا۔ تاہم ابھی تک ان کی طبیعت سنبھل نہیں سکی اور کلثوم نواز مصنوعی تنفس یعنی وینٹی لیٹر پر ہی ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات