صادق آباد میں موٹر وے پولیس بیٹ نمبر 24کے افسران نے 7روزہ مہم

مہم کے دوران تقریبا 3لاکھ روپے زائد کرایے کی مد میں مسافروں کو واپس کروائے ،اوور لوڈنگ اور قانون کی خلاف ورزی کرنے پر365بسوں اور کوچز کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے

جمعرات 21 جون 2018 19:40

صادق آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) موٹر وے پولیس بیٹ نمبر 24کے افسران نے 7روزہ مہم کے دوران تقریبا 3لاکھ روپے زائد کرایے کی مد میں مسافروں کو واپس کروائے ،اوور لوڈنگ اور قانون کی خلاف ورزی کرنے پر365بسوں اور کوچز کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

(جاری ہے)

تفصیل کے مطابق انسپکٹر جنرل خالد محمود اور ڈی آئی جی سنٹرل احمد ارسلان ملک کے احکامات کی روشنی میں سیکٹر کمانڈر ندیم اشرف وڑائچ کی زیر نگرانی بیٹ نمبر 24روشن بھیٹ میں موٹر وے پولیس کی طرف سے 13تا 20جون تک مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے اور مسافروں کی اوور لوڈنگ کیخلاف جاری مہم ختم ہو گئی ، ڈی ایس پی بیٹ نمبر 24روشن بھیٹ محمد حامد خان کے مطابق موٹر وے پولیس نے اس مہم کے دوران مسافروں سے لیے گئے تقریبا 3لاکھ روپے زائد کرایے کی مد میں واپس کروائے اور بس کمپنیوں کو بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے جن کی تعداد 365ہے ، اس کے علاوہ مسافروں کی اوور لوڈنگ میں ملوث بسوں کو بھی جرمانے عائد کیے گئے ہیں ، ڈی ایس پی حامد خان نے مزید بتایا کہ مذکورہ مہم کی نگرانی انھوںنے خود کی اور عید کے ایام میں مسافروں کو تمام تر شکایات کا ازالہ کیا گیا انہیں بروقت مدد فراہم کی گئی تحائف تقسیم کیے گئے ،انھوںنے کہاکہ ٹریفک قوانین اور محفوظ سفر کیلئے بریفنگ بھی دی گئی ہے ، موٹر وے پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور روڈ یوزر ز کی مدد اور ٹریفک حادثات سے بچا? کی ہر ممکن کوشش کرتی ہے ، عوام کا بھی فرض ہے کہ وہ قوانین پر عملدر آمد کر کے بہترین شہری ہونے کا ثبوت دیں۔