بلو چستان ہائی کورٹ کے پیلیٹ ٹریبونلز نے میر محمدصادق عمرانی سمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی بحال کر دئیے

بلوچستان نیشنل پارٹی کے محمد اسماعیل گجر،ظاہر بلوچ، محمد اسلم سمیت آزاد امیدواران اورنگزیب مگسی کے قومی جبکہ عارف ابڑو، میر مجتبیٰ مراد ابڑو، شوکت بنگلزئی، ملک قائم الدین اور رحمت اللہ بنگلزئی کے صوبائی حلقوں پرریٹرننگ آفیسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے فیصلوں کو کالعدم قرار دے دیا

جمعرات 21 جون 2018 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) بلو چستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ اور جسٹس اعجاز احمد سواتی پر مشتمل اپیلیٹ ٹریبونلز نے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوارمیر محمدصادق عمرانی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے محمد اسماعیل گجراورظاہر بلوچ، محمد اسلم سمیت آزاد امیدواران اورنگزیب مگسی کے قومی جبکہ عارف ابڑو، میر مجتبیٰ مراد ابڑو، شوکت بنگلزئی، ملک قائم الدین اور رحمت اللہ بنگلزئی کے صوبائی حلقوں پرریٹرننگ آفیسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے فیصلوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ وہ مذکورہ امیدواران کے نام اہل امیدواران کی فہرست میں شامل کریں۔

ٹریبونل نے آزاد امیدوارا برائے حلقہ پی بی 16 جھل مگسی اسرار علی شاہ کی کم عمری کے باعث کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز اپیلیٹ ٹریبونلز کے روبرو مختلف حلقوں کے ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے امیدواران کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت ہوئی جس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء میر محمدصادق عمرانی اپنے وکیل ہادی شکیل ایڈووکٹ کے ہمراہ اپیلیٹ کورٹ کے روبرو پیش ہوئے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ٹریبونل نے حلقہ پی بی 11نصیر آباد سے میر محمدصادق عمرانی کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کئے جانے کے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا اور الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ میر محمدصادق عمرانی کا نام اہل امیداواران کی فہرست میں شامل کیا جائے۔

ٹریبونل نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے امیدوار برائے حلقہ پی بی 28 کوئٹہ vکے لئے نامزد امیدوار محمد اسماعیل گجر کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا اور حکم دیا کہ محمد اسماعیل گجر کا نام اہل امیدواروں کی فہرست میں شامل کیا جائے درخواست گزار کی جانب سے ریاض احمد ایڈووکیٹ نے درخواست کی پیروی کی۔یاد رہے بلوچستان نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار محمد اسماعیل گجر کے کاغذات نامزدگی اکائونٹ نہ کھولنے کے باعث مسترد کئے گئے تھے۔

اپیلیٹ ٹریبونل نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے نامزد امیدوار برائے حلقہ پی بی 41 واشک ظاہر بلوچ کے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے فیصلے کو بھی کالعدم قرار دیا اور الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ وہ مذکورہ امیدوار کا نام اہل امیدواران کی فہرست میں شامل کریں ان کے کاغذات نامزدگی بھی اکائونٹ نہ کھولنے کے باعث مسترد کئے گئے تھے۔

اپیلیٹ ٹریبونل نے امیدوار برائے حلقہ پی بی 11نصیر آباد محمد اسلم کے کاغذات نامزدگی منظور کر نے کے احکامات صادر کئے اور الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ وہ محمد اسلم کا نام اہل امیدواران کی لسٹ میں شامل کریں درخواست گزار کی جانب سے دائر درخواست کی پیروی راحب بلیدی ایڈووکیٹ نے کی 2رکنی اپیلیٹ ٹریبونل نے آزاد امیدواران برائے حلقہ پی بی 11نصیر آباد عارف ابڑواور مذکورہ حلقے سے آزاد امیدوار رحمت اللہ بنگلزئی ، آزاد امیدوار برائے حلقہ پی بی 11 ون نصیر آباد میر مجتبیٰ مراد ابڑو، اور آزاد امیدوار برائے حلقہ پی بی 11 نصیر آباد ون شوکت بنگلزئی، آزاد امیدوار برائے حلقہ پی بی 7 سبی ملک قائم الدین کے کاغذات نامزدگی کو ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے مسترد کئے جانے کے فیصلوں کو کالعدم قرار دیا اور الیکشن کمیشن کو احکامات دئیے کہ وہ مذکورہ امیدواران کے نام اہل امیدواران کی فہرستوں میں شامل کریں الیکشن اپیلیٹ ٹریبونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 260 نصیر آباد کے لئے آزاد امیدوار اورنگزیب مگسی کے کاغذات نامزدگی منظور کر نے کے احکامات دے دئیے اور الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ وہ مذکورہ امیدوار کانام اہل امیدواران کی فہرست میں شامل کریں درخواست گزار کی جانب سے نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ نے درخواست کی پیروی کی ۔

یاد رہے کہ اورنگزیب مگسی کے کاغذات نامزدگی چئیرمین ڈسٹرکٹ جھل مگسی ہونے کے باعث مسترد کئے گئے تھے۔اپیلیٹ ٹریبونل نے آزاد امیدوار برائے حلقہ پی بی 16جھل مگسی اسرارعلی شاہ کے کم عمری کے باعث کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے سے متعلق ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کو برقرار رکھا۔دریںاثناء صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان میں کہاگیاہے کہ گزشتہ روز الیکشن ٹربیونل میں دائر 20اپیلیں خارج ہوئیں بلکہ جسٹس محمدہاشم خان کاکڑکے اپیلیٹ ٹربیونل میں 9اور جسٹس اعجاز احمدسواتی کے ٹربیونل میں 11اپیلیں دائر ہوئیں جن میں سے جسٹس ہاشم کاکڑ کے ٹربیونل میں سے 9اپیلوں میں سے 7امیدواران کی کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے جبکہ حلقہ پی بی 16کے اسرار علی شاہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے سے متعلق فیصلے کو برقراررکھاگیاجن امیدواران کی کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے احکامات دئیے گئے ان میں حلقہ پی بی 12 نصیراباد کے ممتاز علی، حلقہ پی بی 11 نصیر آباد کے محمد ابراہیم، حلقہ پی بی 11 نصیر آباد کے محمد اسلم، شوکت علی، محمد پناح، غلام مجتبیٰ اور محمد عارف شامل ہیں۔

اس کے علاوہ جسٹس اعجاز احمد سواتی پرمشتمل ٹریبونل میں جمعرات کے روز 11اپیلیں دائر ہوئیں جن میں سے پانچ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے جن میں حلقہ پی بی 28 کوئٹہ کے محمد اسماعیل، حلقہ پی بی 49 لسبیلہ کے محمد اقبال، حلقہ پی بی 29 کوئٹہ کے اختر محمد، حلقہ پی بی 28 کوئٹہ کے سجاد محمد، اور پی بی 30 کوئٹہ کے محمد حیات شامل ہیں۔اس کے علاوہ مذکورہ ٹربیونل میں دائر 6اپیلوں پر بعد میں فیصلہ سنایاجائے گا۔بیان میں کہاگیاہے کہ آج بروز جمعہ 22 جون تک امیدواران کی جانب سے اپیلیں دائر کی جا سکتی ہیں ۔