دیگر ممالک کے لئے اپنا دروازہ کھولنا چین کی ترقی کا راز ہے ، شی جن پھنگ

جمعہ 22 جون 2018 09:40

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے گلوبل سی ای او کونسل کی خصوصی گول میز سمٹ میں شریک مشہور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نمائندوں سے بیجینگ میں ملاقات کی۔ملاقات میں امریکہ ، برطانیہ ، فرانس ، جرمنی اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے ملٹی نیشنل کمپنی کے ایگزیکٹوز نے موجودہ گول میز سمٹ کے موضوع " کھلے پن ، تعاون اور جیت جیت " کے حوالے سے تخلیق ، ماحول دوست ترقی اور عالمی انتظام و انصرام کے حوالے سے اپنے خیالا ت کا اظہار کیا۔

چین کے صدر شی جن پھنگ نے مذکورہ نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ چین میں اصلاحات اور اوپن پالیسی کے نفاذ کے بعد گزشتہ چالیس برسوں میں ملٹی نیشنل کمپنیوں نے چین کے ساتھ قریبی کاروباری روابط قائم کیے ہیں۔

(جاری ہے)

آپ تمام چین میں اصلاحات اور اوپن پالیسی کے گواہ اور شراکت دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 40 برسوں میں چین میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔

چین کی معیشت تیز رفتاری سے ترقی کر رہی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے معیار کے مطابق 70 کروڑ افراد کو غربت سے چھٹکارا دلایا گیا ہے۔مستقبل کا ذکر کرتے ہوئے چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ دیگر ممالک کے لئے اپنا دروازہ کھولنا ہی ایک ملک کی ترقی کا راز ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے تحفظ پسندی، یک پہلویت اور الگ تھلگ رہنے کی بجائے جامع مشاورت ، تعمیرات میں شراکت داری اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر اصلاحات و کھلی پالیسی اور تخلیق و ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کی اپیل کی۔ صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کا چین کی ترقی میں اہم کردار ہے ۔ چین کا دروازہ کبھی بند نہیں ہوگا بلکہ اس کو مزید کھولا جا ئے گا۔