بلدیہ ملیر کا 3 ارب 12 کروڑ کا سرپلس بجٹ اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا

جمعہ 22 جون 2018 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر و کنوینر کونسل جان محمد بلوچ کی زیر صدارت منعقدہ بجٹ اجلاس میں مالی سال 2018-19 کیلئے 3ارب 12 کروڑ 56 لاکھ72 ہزار9سو32 روپے کا سرپلس بجٹ اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا ،کونسل بلدیہ ملیر کے اکیسویں اجلاس میں وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت میونسپل کمشنر عمران اسلم اراکین کونسل اور محکمہ جاتی افسران شریک تھے،بلدیہ ملیر کراچی کے مالی سال 2018-19 کے بجٹ میں آمدنی کا تخمینہ 3 ارب 12کروڑ،56 لاکھ72 ہزار 9سو32 روپے جبکہ اخراجات کا تخمینہ 3 ارب 12 کروڑ36 لاکھ67ہزار روپے لگایا گیا ہے اس طرح یہ 20 لاکھ 5 ہزار 9 سو 32 روپے بچت کا بجٹ ہے، بجٹ میں محصولات کا تخمینہ 2 ارب 39 کروڑ4لاکھ65ہزار92 روپے جبکہ حکومت سے آمدن کا تخمینہ73 کروڑ31 لاکھ 4 ہزار روپے لگایا گیا ہے ، بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں 1 ارب 65کروڑ56لاکھ67 ہزار جبکہ ترقیاتی اخراجات کی مد میں 1 ارب 37 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

نکاسی آب کیلئے 13 کروڑ15 لاکھ روپے، فراہمی آب کیلئے 10 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ بجٹ اجلاس سے چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے نظامت سنبھالنے کے بعد دوسرے ہی اجلاس میں تمام اراکین کونسل کیلئے ترقیاتی فنڈز مختص کئے جبکہ اپنے دوسرے بجٹ میں ہم نے تمام اراکین کونسل کیلئے مساوی بنیادوں پر فنڈز مختص کئے ، تمام تر سیاسی و مذہبی تعصبات سے بالا تر ہوکر اپنے معزز اراکین کو عوام کی خدمت کے سفر میں ساتھ لے کر چل رہے ہیں ، ہم نے گزشتہ سالوں میں کروڑوں روپے ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں پر خرچ کر کے فراہمی و نکاسی آب ، شاہرات و گلیوں کی تعمیر و بہتری ، پارکوں ، گرین بیلٹس کی تعمیرات اور دیگر بلدیاتی امور کے حوالے سے قلیل مدتی ، وسط مدتی اور طویل مدتی منصوبے تشکیل دیئے جن میں سے بیشتر پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں ، الحمداللہ آپ لوگوں کے تعاون سے بلدیہ ملیر کی تعمیر و ترقی کیلئے متعین کردہ اہداف بتدریج حاصل کر رہے ہیں اور انشاء للہ اپنی چیئرمین شپ کی مدت کی تکمیل سے قبل بلدیہ ملیر کو دیگر اضلاع کیلئے مثالی نمونہ بنائینگے، عوام کی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کا نصب العین ہے۔

اراکین کونسل نے بجٹ اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے چیئرمین کی سیاسی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کا ثمر ہے کہ بلدیہ ملیر کی عوام کو درپیش بنیادی مسائل بتدریج حل ہورہے ہیں ، بلدیہ ملیر کی تعمیر و ترقی کے سفر میں تمام اراکین کونسل اپنا اپنا کردار احسن و خوبی سے سرانجام دے رہے ہیں ،ہم چیئرمین بلدیہ ملیر جناب جان محمد بلوچ ، وائس چیئرمین بلدیہ ملیر جناب عبدالخالق مروت اور بلدیاتی کار منصبی کا نظم و نسق عمدہ طریقے پر منتظم کرنے پر میونسپل کمشنر بلدیہ ملیر جناب عمران اسلم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔