خواجہ سرائوں کی رجسٹریشن کیلئے ضلعی دفاتر میں ون ونڈو آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ

ضلعی افسران ڈپٹی کمشنرز کے توسط سے اس عمل کو تیزی سے مکمل کریں‘سیکرٹری سوشل ویلفیئر

جمعہ 22 جون 2018 21:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) خواجہ سرائوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے سیکرٹری سوشل ویلفئیر ڈاکٹر نبیل جاویدکی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں خواجہ سرائوںکی رجسٹریشن کے عمل کے حوالے سے اب تک متعلقہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئرنے رجسٹریشن کے عمل کو مزید بہتر اور تیز کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے اپنا کردار بھر پور طریقے سے ادا کرنے کی ہدایات کیں تا کہ خواجہ سرائوں کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جا سکے اور حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لیے جامع پروگرام ترتیب دے سکے۔

سیکرٹری سوشل ویلفیئرنے خصوصی طور پر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے کردار کے حوالے سے کہا کہ سوشلویلفیئرڈیپارٹمنٹ کے تمام ضلعی دفاتر میں نادرا کے تعاون سے خواجہ سرائوں کے لیے ---’’ون ونڈو آپریشن‘‘کی سہولت دی جائے اور متعلقہ ضلعی افسران اپنے ضلع کے ڈپٹی کمشنرز کے توسط سے اس عمل کو تیزی سے مکمل کریں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفئیر ساجد ظفر،نادرا، پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی،اخوت فائونڈیشن،فائونٹین ہائوس کے نمائندگان، سوشل ویلفیئر کے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز اورڈائریکٹر پروگرامز کے علاوہ خواجہ سرا کمیونٹی کے نمائندگان صائمہ بٹ، جنت اور حمیرا نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران خواجہ سراء کمیونٹی کے نمائندگان کے حکومت پنجاب کی رجسٹریشن کے حوالے سے اب تک کی گئی کاوشوں کو سراہا اور اس پورے عمل میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔