عراق اور الجیریا نے ہائی اسکول کے سالانہ امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بند کردی

جمعہ 22 جون 2018 23:12

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء) عراق اور الجیریا نے ہائی اسکول کے سالانہ امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بند کردی۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک نے نقل سے پاک امتحانات کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے انتہائی اقدام اٹھایا ہے اور پرچوں والے دن ملک بھر میں امتحانی اوقات میں انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الجیریا کی وزارت تعلیم نوریا نے قومی ریڈیو پر انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 20 سے 25 جون کے دوران روزانہ صبح کے اوقات میں دو گھنٹوں کیلئے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ امتحانی عمل میں نقل کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں، ملک بھر کے 2 ہزار امتحانی مراکز میں موبائل جیمرز، میٹل ڈیٹیکٹرز اور چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عراق نے بھی اسکول امتحانات میں نقل روکنے کے لیے ملک بھر میں امتحانات کے اوقات میں انٹرنیٹ سروس بند کردی۔ قبل ازیں مصر نے گزشتہ سال بھی انٹرنیٹ سروس کی بندش سے امتحانی عمل کو نقل سے پاک کرنے کی کوشش کی تھی۔عراق، مصر اور الجیریا کے علاوہ بھارت، ایتھوپیا اور دیگر ممالک نے بھی امتحانی پرچے لیک ہونے اور نقل کا مواد انٹرنیٹ کے ذریعے پھیلنے سے روکنے کیلئے انٹرنیٹ سروس معطل رکھی تھی جبکہ پاکستان میں امتحانات کے دوران موبائل فونز امتحانی مراکز لانے پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔