مشرقی القدس کو فلسطین کا دارالحکومت بنانے کی حمایت کریں گے،مصری صدر

مصر مسئلہ فلسطین کے جامع، دیر پا اور منصفانہ حل کے لیے جاری مساعی کی حمایت کرے گا،امریکی ایلچی سے ملاقات

ہفتہ 23 جون 2018 13:24

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے قضیہ فلسطین کے حوالے سے اپنے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا ملک قضیہ فلسطین کے دو ریاستی حل اور مشرقی بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت بنانے کی حمایت جاری رکھیں گے۔عرب ٹی وی کے مطابق مصری صدر نے ان خیالات کا اظہار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر جارڈ کوشنر اور مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی ایلچی جیسن گرین بیلٹ سے قاہرہ میں ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ مصر مسئلہ فلسطین کے جامع، دیر پا اور منصفانہ حل کے حوالے سے ہونے والی مساعی کی حمایت کرے گا۔ملاقات کے موقع پر مصری وزیر خارجہ سامح شکری، انٹیلی جنس چیف عباس کامل اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اسرائیل کو 1967ء کی جنگ سے پہلے والی پوزیشن پر واپس جانے کا مطالبہ اصولی ہے اور دو ریاستی حل کا اس سے بہتر اور کوئی راستہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشرقی یروشلم کو ہرصورت میں فلسطینی مملکت کے دارالحکومت کا درجہ ملنا چاہیے۔مصری ایوان صدر کے ترجمان بسام راضی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر السیسی اور امریکی مندوبین کے درمیان ہونے والی بات چیت کا احوال بیان کیا۔ ترجمان نے کہا کہ صدر نے امریکا کے ساتھ تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے، مشرق وسطیٰ میں دیر پا استحکام اور امن کے قیام کی مساعی میں مل کر کوششیں کرنے، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے اور خطے مین اقتصادی اور سماجی ترقی کے شعبوں میں کام کرنے پر زور دیا ہے۔