مہمند میں الیکشن کی تیاریاں تسلی بخش ہیں،رہنما پیپلز پارٹی

ہفتہ 23 جون 2018 20:28

مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جون2018ء) پیپلز پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق افضل اور آزاد امیدوار قومی اسمبلی ملک رحمان گل نے کہا ہے کہ قبائلی ضلع مہمند میں الیکشن کی تیاریاں تسلی بخش ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر و ڈی سی مہمند اور اُن کی ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ شفاف انتخابات کے بعد ہر اُمیدوار کی مقبولیت واضح ہو جائیگی۔

الیکشن کمیشن مہمند کی جانب سے بھر پور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار قبائلی ضلع مہمند پیپلز پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق افضل اور مہمند حلقہ این اے 42 سے آزاد اُمیدوار قومی اسمبلی ملک رحمان گل خوگا خیل نے ایک اخباری بیان میں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر مہمندمحمد واصف سعید ایک بہترین ریٹرننگ آفیسر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

آزادانہ سیاسی سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے مہمند انتظامیہ اور الیکشن کمیشن مہمند ایجنسی عملی اقدامات اُٹھا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ضلع مہمند کے طول و عرض میں روزانہ درجنوں سیاسی جماعتیں اور اُمیدواران اطمینان کے ساتھ اپنے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہمند حلقہ این اے 42 میں شفاف انتخابات ہونگے جس میں ہر اُمیدوار کی عوامی مقبولیت واضح ہو جائیگی۔