ْکوئٹہ،ہمیشہ جابر، ظالم حکمرانوں اور بحرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا،مولانا محمد خان شیرانی

مسائل کے حل کو یقینی بنانے اور ملک میں اسلامی نظام کا نفاذکے لیے عوام حقیقی نمائندوں کا چنائو کر کے ایوان میں بھیجے ، مرکزی رہنماء جمعیت علماء اسلام

ہفتہ 23 جون 2018 22:26

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2018ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ جابر، ظالم حکمرانوں اور بحرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے جس کی وجہ سے جماعت کی مقبولیت عوام میں بڑھتی جا رہی ہے اور عوام کی امیدیں آج بھی جماعت سے وابستہ ہے ہماری کوشش ہے کہ تمام وسائل کو بروئے کار لا تے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گزشتہ روز جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی سکرٹری اطلاعات ومتحدہ مجلس عمل کے مرکزی کمیٹی کے سربراہ مولانا حافظ حسین احمد کی دیگر رہنمائوں کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا عبدالواسع جمعیت علما اسلام ضلع کو ئٹہ کے سینئر رہنماء صاحبزادہ حافظ منیراحمد ایڈووکیٹ ،مولانا محمدطاہر توحیدی ،صاحبزادہ مولانا حافظ زبیراحمد ،حافظ سعیداحمد ، ظفرحسین احمد بھی موجود تھے مولانا محمدخان شیرانی ،مولاناحافظ حسین احمد ،مولانا عبدالواسع نے ملکی وبین القوامی حالات پر تبادلہ خیال کر تے ہوئے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ ملک اور قوم کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کیونکہ جماعت کی ہمیشہ سے یہی کوشش ہے کہ ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ یقینی بناکر وطن عزیز کو حاصل کرنے کا مقصد پورا ہو سکے انہوں نے کہا ہے کہ آج عوام کی امیدیں جمعیت علماء اسلام سے وابستہ ہے کیونکہ جمعیت نے ہمیشہ ملک اور قوم کے مفاد کو مد نظر رکھ کر اقدامات اٹھائے ہیں اور عوام کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے کیونکہ جماعت نے ہمیشہ جابر، ظالم حکمرانوں اور بحرانوں کا ڈٹ کرمقابلہ کیا ہے اور کر تے رہیں گے جمعیت کی اصل طاقت اس کے نظریاتی کارکن ہے جنہوں نے ہمیشہ جماعت کو مضبوط بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آنیوالا الیکشن بڑی اہمیت کا حامل ہے جس میں تمام جماعتیں بھر پور انداز میں حصہ لے رہی ہے اور عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کر تے ہوئے حقیقی نمائندوں کا چنائو کر کے ایوان میں بھیجے تاکہ مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔