ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی حسن بیگ کا علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ کا دورہ

ہفتہ 23 جون 2018 23:18

لاہور۔23 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2018ء) ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی حسن بیگ نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا۔ ائرپورٹ منیجر طاہر سکندر نے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو لاہور ائیرپورٹ کے مختلف شعبوں ریڈار، رن وے اورپیسنجر لاؤنج کا دورہ کروایا اور ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے موجود مختلف سہولیات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔

ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے موجودہ سہولیات کو سراہتے ہوئے ان میں مزید بہتری اورمسافروں کے لیے بہترین سہولیات کی فراہمی کی تاکید کی۔ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ مسافروں کی ضروریات کا خیال رکھنا سول ایوی ایشن کی اولین ذمہ داریوں میں سے ایک ہے۔ اس موقع پر ڈی جی سی اے اے کو لاہور ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کا بھی دورہ کرایا گیا، جہاں پراجیکٹ ڈائریکٹر میجر اعزاز نے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پاکستان سول ایوی ایشن حسن بیگ نے پراجیکٹ حکام کو داخلی و خارجی سڑکوں کے منصوبہ کو مسافروں کی سہولت کے لیے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی اور جاری منصوبے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اظہار کیا کہ منصوبہ کی تکمیل کے بعد لاہور ائیرپورٹ پر ورلڈ کلاس معیار کی سہولیات میسر ہوں گی۔ ایئرپورٹ کے تفصیلی دورہ اور بریفنگ میں ایئرپورٹ مینیجرطاہر سکندر کے ساتھ دپٹی ایئرپورٹ مینیجر نذیر احمد خان اور ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سٹاف آفیسر آفتاب گیلانی بھی شریک تھے۔