زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے تمام زراعت افسران کو کاشتکاروں سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت

پیر 25 جون 2018 14:18

فیصل آباد۔25 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں محکمہ زراعت نے زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے تمام زراعت افسرا ن کو کاشتکاروں سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ زراعت افسران اپنے اپنے علاقوں کے کاشتکاروں، کسانوں ، زمینداروں سے مسلسل ملاقاتوں کاسلسلہ شروع کریں اور انہیں زرعی تعلیم ، معلومات ، اطلاعات، مشاورت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں رہنمائی فراہم کریں ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ چونکہ پنجاب کے دور دراز کے دیہی علاقوںکے کاشتکاروں کی اکثریت نا خواندہ ہے اس لئے وہ جدید زرعی ٹیکنالوجی سے درست انداز میں استفادہ نہ کر پا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کاشتکاروں کی درست رہنمائی کر دی جائے تو وہ زرعی پیداوار میں مزید اضافہ کا موجب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کے تمام افسران کو تحریری ہدایت نامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔