فیصل آباد،آبی بحران کنٹرول نہ کیا گیا تو ملک آئندہ 7 سالوں کے دوران شدید قحط کا شکار ہوگا، نصراللہ گھمن

کالا باغ ڈیم کے مخالفین کو ملک سے باہر نکال پھینکنا چا ہیے ، رہنما پی ٹی آئی

پیر 25 جون 2018 15:10

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف این ا ے 105 کے امیدوا ر چوہدری رضا نصرالله گھمن نے انتخابی مہم کے دوران علان کیا ہے کہ جو لوگ کالاباغ ڈیم کی مخالفت کررہے ہیں انہیں بلا تفریق اس ملک سے نکال باہر پھینکنا چاہیے وہ ملک دشمن ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، آبی بحران کنٹرول نہ کیا گیا تو پاکستان آئندہ آنیوالے 7 سالوں کے دوران شدید قحط کا شکار ہوگا اور ہر پاکستانی کیلئے سالانہ 3900 کیوبک میٹرک پانی کم ہوجائیگا اور پاکستان اتھوپیا سے بدترین ملک بن جائیگا اگر بروقت ڈیمز تعمیر نہ کئے گئے تو پاکستان کو قحط زدہ ملک بننے سے کوئی نہیں روک سکے گا ۔

انہوں نے کہا کہ آبی بحران کو کنٹرول کرنے کیلئے کالاباغ سمیت تمام ڈیمز بلا کسی تاخیر کے شروع کردینے چاہئیں اور آئندہ تین سال کے دوران کم از کم پانچ ڈیمز بناکر ملک کو آبی بحران سے بچانے میں حکومت اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو سب سے زیادہ ضرورت ڈیمز کی ہے اور جو سیاسی جماعت اپنے منشور میں ڈیمز کو شامل نہیں کریگی ان کا لوگ بائیکاٹ کریں اور ایسے امیدواروں کو ہرگز ووٹ نہ دیں جو پانی پر سیاست کریں سندھ‘ خیبر پختونخواہ کے لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ کالاباغ ڈیم کسی کیخلاف نہیں یہ ہماری آنیوالی نسلوں کی زندگی کا مسئلہ ہے اس پر سیاست کرنیوالے جلد منطقی انجام کو پہنچا جائینگے۔