ندیم سرور این اے 53سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار نامزد

پیر 25 جون 2018 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 جون2018ء) ندیم سرور این اے 53سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار نامزد ، وفاقی دارلحکومت میں پختونوں کا ووٹ بینک متحد کرنے کیلئے پر عزم ، عوامی نیشنل پارٹی کی طلباء تنظیم پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کے صدر ندیم سرور کو اسلام آباد کے حلقہ این اے 53سے امیدوار نامزد کردیا ہے، میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم سرور کا کہنا تھا کہ لالٹین کے انتخابی نشان پر اسلام آباد سے الیکشن لڑنا میرے لئے اعزاز ہے، پارٹی قیادت نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لائوں گا، ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں پختون قوم کثیر تعداد میں آباد ہیں تاہم مناسب نمائندگی نہ ہونے کے باعث منتخب نمائندوں نے انہیں ہمیشہ نظرانداز کیا ہے یہی وجہ ہے کہ مخصوص طریقہ کار سے اسلام آباد میں مقیم پختونوں کو اپنے بچوں کے سکول میں داخلے کیلئے بھی کسی چوہدری یا ملک کی سفارش کا محتاج بنایا گیا ہے، عوامی نیشنل پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے ملک کے ہر حصے میں پختونوں اور متوسط طبقے کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے۔

متعلقہ عنوان :