وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان موبائل ہسپتالوں کا افتتاح (کل) کلمہ چوک سے کریں گے

منگل 26 جون 2018 12:20

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن صوبے کے دوردراز علاقوں کیلئے خطیر رقم سے خریدے جانے والی موبائل ہسپتالوں کا باقاعدہ افتتاح (کل) جمعرات کو گلگت کلمہ چوک پر کریں گے،ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی جعفر اللہ خان29جون کو گھڑی باغ کے مقام پر اور 30جون کو صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال دنیور میں موبائل ہسپتالوں کا افتتاح کریں گے۔

واضح رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے پہلے مرحلے میں 3موبائل ہسپتالوں کی خریداری عمل میں لائی گئی ہے جن کی خریداری تقریباً ساڑھے 5کروڑ کی رقم سے عمل میں لائی گئی ہے۔ موبائل ہسپتال جدید طبی سہولیات سے مکمل آراستہ ہیں۔ موبائل ہسپتالوں میں گائنی کالوجسٹ اور دیگر ماہر ڈاکٹرز خدمات سرانجام دیں گے، جدید موبائل ہسپتالوں میں ایکسرے مشین، مائیکرو لیب، سکشن مشین، الٹراسائونڈ مشین، آکسیجن کنسنٹریٹر، او پی ڈی، آئی سی یو، سی سی یو،ای سی جی مشین، آٹو کلیو، بی پی آپریٹر،کارڈک مانیٹر سمیت دیگر طبی جدید سہولیات کی سہولت میسرہوگی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سپیشل ہیلتھ انیشیٹیو کے تحت پہلے مرحلے میں خریدے جانے والے جدید موبائل ہسپتالوں کو دیامر اور بلتستان ڈویژن کو دیئے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں اسی طرز کے مزید 5موبائل ہسپتالوں کی خریداری عمل میں لائی جارہی ہے جن کو بتدریج مختلف اضلاع کو فراہم کئے جائیں گے تاکہ جدید موبائل ہسپتالوں کے ذریعے صوبے کے دور افتادہ علاقوں کے عوام کو ان کے دہلیز پر جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی۔ حکومت گلگت بلتستان کی ترجیحات میں صحت کا شعبہ سرفہرست ہے اسی لئے صحت کے حوالے سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کے خصوصی اقدامات کے تحت صوبے میں پہلی مرتبہ موبائل ہسپتال متعارف کرائے جارہے ہیں۔