نگران وزیرصحت کا کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ

اساتذہ، ٹرینی ڈاکٹرز کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں،اصولی طور پر گریڈ 21 پروفیسرز کا حق ہے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج میں مجھے 20 سال تک تدریس کا اعزاز حاصل ہے‘پروفیسر ڈاکٹر جواد ساجد خان

منگل 26 جون 2018 17:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جواد ساجد خان نے کہا ہے کہ میڈیکل کی تعلیم کے اساتذہ ٹرینی ڈاکٹرز اور اپنے شاگردوں کی پیشہ ورانہ تربیت پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیں اور انہیں ایک اچھا فزیشن اور سرجن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں،ٹیچرز اور سٹوڈنٹ کے درمیان احترام کا رشتہ ہونا ضروری ہے اور اساتذہ اپنے سٹوڈنٹس کے لئے رول ماڈل بنیں تاکہ مسیحائی کے پیشہ کے تقدس میں مزید اضافہ ہو۔

انہوں نے یہ بات کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر سینٹ ہال میں فیکلٹی ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل, اور فیکلٹی کے ممبران موجود تھے۔ قبل ازیں پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے قدیم تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کے ای ایم سی 1911 میں قائم کی گئی تھی جسے 2005 میں یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی نئی عمارت زیرتعمیر ہے جو 2019ء تک مکمل ہو جائے گی جس کے بعد یونیورسٹی کی ایک نئی لک ہو گی۔ پروفیسر خالد مسود گوندل کا کہنا تھا کہ کے ای ایم یو کا مریدکے میں بھی کیمپس زیرتعمیر ہے جو ایک سال تک مکمل ہو جائے گا۔ُ انہوں نے میڈیکل کی تعلیم کے فروغ اور نئے نصابی پروگرام شروع کرنے بارے بریفنگ دی۔

وائس چانسلر نے انکشاف کیا کہ وزیرصحت ڈاکٹر جواد ساجد خان کے والد پروفیسر ایوب احمد خان نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج میں 1948ء میں آرتھوپیڈک سرجری کے شعبہ کی بنیاد رکھی تھی۔ اس موقع پر پروفیسر ثاقب شفیع نے کہا کہ ماضی میں نوجوان ڈاکٹرز کو پیشہ ورانہ تربیت کے دوران اوقات کار کی پرواہ نہیں ہوتی تھی اور سرجری کی لسٹ مکمل ہونے تک ٹرینی ڈاکٹرز اپنے سینئرز کے ساتھ لیٹ اوقات تک دلچسپی کے ساتھ کام کرتے تھے لیکن آج صورتحال بدل گئی ہے اور ڈیوٹی اوقات پر توجہ دی جاتی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر راشد چوہان نے کہا کہ اساتذہ کے عزت و احترام میں اضافہ کے ساتھ ان کے گریڈ پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر سرجیکل ٹاور میوہسپتال پروفیسر ڈاکٹر ابرار اشرف نے نئے تعمیر ہونے والے سٹیٹ آف دی آرٹ سرجیکل ٹاور اور اس میں فراہم کی جا رہی آپریشن اور ریڈیالوجی کی سہولیات بارے بریفنگ دی۔ وزیرصحت نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ سرجیکل ٹاور کی تکمیل میں بہت تاخیر ہوئی ہے تاہم ایک سٹیٹ آف دی آرٹ سہولت عوام کو میسر آ گئی ہے جس کا بہت فائدہ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :