ملک کے بڑے آبی ذخائر میں پانی کی آمد میں کمی کے باعث پانی کی سطح 1.5 ملین ایکڑ فٹ تک پہنچ گئی

منگل 26 جون 2018 20:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) ملک کے بڑے آبی ذخائر میں پانی کی آمد میں کمی کے باعث پانی کی سطح 1.5 ملین ایکڑ فٹ تک پہنچ گئی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبی ذخائر میں پانی کی مزید 15 ہزار کیوسک کمی ہوئی ہے۔ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دریائے سندھ پر واقع تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد ایک لاکھ 10 ہزار 300 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 55 ہزار کیوسک رہا۔

(جاری ہے)

ڈیم میں پانی کی سطح 1422.28 فٹ تک پہنچ گئی جو کہ ڈیڈ لیول سے 42.28 فٹ بلند ہے۔ ارسا کے مطابق رم سٹیشنوں سے 2 لاکھ 72 ہزار 300 کیوسک پانی کا اخراج ہوا جبکہ پانی کی آمد 2 لاکھ 13 ہزار کیوسک رہی۔ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1120.40 فٹ ہو گئی جو ڈیڈ لیول سے 80 فٹ بلند ہے۔ ڈیم میں پانی کی آمد 36 ہزار 300 کیوسک جبکہ اخراج 40 ہزار کیوسک رہا۔ اعداد و شمار کے مطابق کالا باغ، تونسہ اور سکھر بیراج سے پانی کا اخراج بالترتیب 188,900، 180,400 اور 37,700 کیوسک رہا۔

متعلقہ عنوان :