انتخابی ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کرائی جائے گی ،ضلعی الیکشن کمیشن

منگل 26 جون 2018 20:40

راولپنڈی۔26جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) الیکشن کمیشن راولپنڈی نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدر آمد کی ہدایات جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ انتخابی ضابطہ ا خلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی Iملک سلیم اختر نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری انتخابی ضابطہ اخلاق کی پاسداری کروانے کے لیے متعلقہ اتھارٹیز نے عمل در آمد شروع کردیاہے ، ضلعی الیکشن کمیشن راولپنڈی کی جانب سے انتخابی ضابطہ ا خلاق کی پاسداری کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں اور شہر بھر میں انتخابی امیدواروں کی جانب سے خلاف ضابطہ لگائے گئے بینرز ہٹوا دیئے گئے ہیں ۔

ملک سلیم اختر نے کہاکہ ضلعی حکومت ،الیکشن کمیشن اور انتخابی امیدواروں کے نمائندوں کی مشاورت سے طے شدہ اور منظور شدہ سائز اور قسم کے بینرز لگانے کی اجازت دی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے طے شدہ انتخابی ضابطہ ا خلاق کی مکمل پاسداری کروائی جائے گی اور اس ضمن میں کسی قسم کا دبائو قبول نہیں کیا جائے گا۔