فیصل آباد،عام انتخابات کے حوالہ سے محکمہ پولیس میں تقررو تبادلوں کا سلسلہ جاری

آر پی اوز ‘ڈی پی او ز ‘سی پی او ز ‘ایس ایس پی ایز‘ڈی ایس پیز‘ ایس ایچ اوز کے بعد محرروں کی بھی باری آگئی ‘ آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر میں تھانوں ‘چوکیوں کے محرروں کو فوری تبدیل کرنے ‘رہائشی سرکل میں نہ لگانے کا حکم

منگل 26 جون 2018 21:54

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2018ء) عام انتخابات کے حوالہ سے محکمہ پولیس میں تقررو تبادلوں کا سلسلہ جاری ‘آر پی اوز ‘ڈی پی او ز ‘سی پی او ز ‘ایس ایس پی ایز‘ڈی ایس پیز‘ ایس ایچ اوز کے بعد محروں کی بھی باری آگئی ‘ آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر میں تھانوں ‘چوکیوں کے محرروں کو فوری تبدیل کرنے ‘رہائشی سرکل میں نہ لگانے کا حکم ‘تفصیلات کے مطابق تمام انتخابات میں دھاندلی الزامات سے بچنے اور الیکشن کی شفافیت کو ہر ممکن حد تک یقینی بنانے کیلئے محکمہ پولیس کے تمام افسران کے تقرر وتبادلے کئے جارہے ہیں ‘آر پی اوز‘ ڈی پی اوز ‘ سی پی اوز ‘ ایس ایس پیز ‘ ڈی ایس پیز ‘ ایس ایچ او ز کے بعد اب تقرر وتبادلوں کا ایک اور بڑا ریلا آئیگا‘آئی جی پنجاب سید کلیم امام نے صوبہ بھر میں تمام تھانوں ‘چوکیوں کے محرران کو فوری طور پر تبدیل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ‘ حکم نامہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ محرران کومتعلقہ تھانوں میں تعینات نہ کیا جائے اور نہ ہی ان کا رہائشی سرکل میں تبادلہ کیا جائیگا‘آئی جی پنجاب کے احکامات کے بعد چند روز میں محرران کے تبادلوں کاسلسلہ شروع ہو جائیگا اور اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے منظوری لی جائے گی ‘تبادلوں کے احکامات کے بعد محرران نے سفارشوں کیلئے ہاتھ پائوں مارنا شروع کردیئے ہیں تاکہ من پسند علاقے میں تبادلہ کروایا جاسکے ۔