ْانتظامیہ انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق پر عملدر آمد یقینی بنائے گی،ڈپٹی کمشنرساہیوال

منگل 26 جون 2018 22:46

ساہیوال۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ انتظامیہ انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدر آمد کو یقینی بنائے گی ، مانیٹر آفیسر روزانہ کی بنیاد پر امیدواروں کی انتخابی مہم کو چیک کریں اور خلاف ورزی کی فوری اطلاع دیں تا کہ بر وقت تادیبی کارروائی کی جا سکے ،وہ یہاں اپنے دفتر میں الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ الیکشن مانیٹرز کے اجلاس سے خطا ب کر رہے تھے جس میں اے ڈی سی آر قدیر احمد باجوہ اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر رانا عبدالغفار کے علاوہ ذوالفقار علی ‘فوزیہ اعجاز‘خالد شبیر‘ڈاکٹر امتیاز‘زبیر وٹو اور دوسرے افسران نے شرکت کی،انہو ںنے کہا کہ ضابطہ اخلاق کے تحت صرف پوسٹرز‘بینرز اور پورٹریٹ آویزاں کرنے کی اجازت ہے، اس کے علاوہ کسی قسم کے دوسرے ذرائع خصوصاً پینا فلیکسز‘ہورڈنگز اور وال چاکنگ کی قطعا اجازت نہیں دی جائے گی،انہو ںنے مانیٹرنگ افسران پر زور دیا کہ وہ ضابطہ اخلاق کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی فوری اطلاع فوکل پرسن اے ڈی سی جنرل کو دیں تا کہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے ،انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض کو مکمل غیر جانبداری سے ادا کریں تا کہ ان کے کردار پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، اجلاس میں بتایا گیا کہ امیدواروں کو انتخابی مہم میں کارنر میٹنگز کی اجازت ہو گی جس میں لائوڈ سپیکر کا استعمال سختی سے منع ہے تاہم جلسوں میں انتظامیہ کی اجازت سے لائوڈ سپیکر استعمال ہو سکے گا،امیدواروں کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی بار بار خلاف ورزیوں پر انہیں 50ہزار روپے تک بھی جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے ، ڈپٹی کمشنر نے تمام مانیٹرنگ افسران پر زور دیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹس بجھوائیں تا کہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کیا جائے۔