پریزائیڈنگ افسران پولنگ ڈے پر اپنی ذمہ داریاں قومی فرض سمجھ کر نبھائیں ،ڈی آراو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لسبیلہ عبدالقیوم لہڑی

منگل 26 جون 2018 23:25

کوئٹہ۔26جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) ڈی آراو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لسبیلہ عبدالقیوم لہڑی نے کہا ہے پریزائیڈنگ افسران پولنگ ڈے پر اپنی ذمہ داریاں قومی فرض سمجھ کر نبھائیں ۔ ان خیالات کااظہار انھوںنے لیڈاریسٹ ہائوس اور سوک سینٹر حب میں سنیئر پریذائیڈنگ افسران اور پریزائیڈنگ افسران کی دوروزہ تربیتی پروگرام کے اختتام پر تقسیم اسناد کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ ذیشان سکندر ، ریٹرننگ افسر این اے 272لسبیلہ گوادر عبدالعلی کاکڑ،ریٹرننگ افسر پی بی 49ھب دریجی جام ساقہ دشتی،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرلسبیلہ رسول بخش بلوچ ایس ایس پی لسبیلہ آغا رمضان بھی انکے ہمراہ تھے۔

ماسٹر ٹرینر ز نے ڈی آر او کو پولنگ افسران کی ٹریننگ کے حوالے سے تفصیلی طورپر آگاہ کیا،ڈی آر او نے پولنگ افسران کی ٹریننگ سیشن میں شامل نہ ہونے والے دس افسران کو فوری طورپر شوکاز نوٹسز ایشوکرنے کے احکامات جاری کئے قبل ازیں ڈی آر او وڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لسبیلہ عبدالقیوم لہڑی کے زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں 25جولائی کو ہونے والے الیکشن کے پرامن غیر جانبدارانہ شفاف اور آذادانہ انعقاد کویقینی بنانے سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ ذیشان سکندر نے بریفنگ میں بتایاکہ پرامن الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے بھرپور انتظامات کئے ہیں ضلع لسبیلہ کے حلقے پی بی 49میں آٹھ حساس ، اور 43 حساس ترین پولنگ اسٹیشن قرار دیئے گئے ہیں جبکہ حلقہ پی بی 50 میں اٹھاسی نارمل پولنگ ، 49 حساس پولنگ اور 9حساس ترین قرار دیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کا امن مثالی ہے انشاء اللہ عام انتخابات میں بھی امن وامان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کرنے کے علاوہ تمام قانون قافذکرنے والے اداروںکے مابین کوآرڈینیشن کو مستحکم کیا جائیگا،تاکہ ووٹر زآزادانہ طورپر اپنی حق رائے دہی استعمال کرسکیں ، ایس ایس پی لسبیلہ آغا رمضان نے بھی الیکشن کی سیکورٹی پلان کے حوالے سے تجاویز پیش کیں،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر رسول بخش بلوچ نے بریفنگ میں بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں 25جون سے پولنگ افسران کی ٹریننگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ، جوابتک جاری ہے۔

انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 49حب دریجی کیلئے 203پولنگ بوتھ حلقہ پی بی 50کیلئے 393 پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے، پولنگ ڈے پر غیر جانبدارانہ اور شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جوپرامن اورآزادانہ انتخابات کے انعقاد میں معاون ثابت ہونگے۔