گروپ چار کے ممالک قطر سے فضائی حدود کامعاملہ عالمی عدالتِ انصاف میں اٹھائیں گے

چاروں ممالک نے جہاز رانی کے حقوق کے نگراں ادارے کو مذکورہ کیس کی سماعت سے روک دیا ،فیصلہ عالمی عدالت کرے،موقف

بدھ 27 جون 2018 15:00

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2018ء) سعودی عرب، امارات، بحرین اور مصر نے قطر کے ساتھ اپنی خود مختارانہ فضائی حدود کا معاملہ بین الاقوامی عدالتِ انصاف میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ معاملہ اس سے قبل جہاز رانی کے حقوق کے نگراں ادارے بین الاقوامی ایوی ایشن آرگنائزیشن (ایکاؤ) میں بھی پیش کیا جا چکا ہے۔ تاہم چاروں ممالک کا دعوی ہے کہ ایکاؤ اس تنازع پر نظر کرنے کی اہل نہیں ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق اس کے پیشِ نظر چاروں عرب ممالک نے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے اس معاملے کو بین الاقوامی عدالتِ انصاف میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔یاد رہے کہ بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے فیصلے میں ایکاؤ تنظیم کے فیصلے کے مؤثر ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس میں قطری دعوؤں کو قبول کرنے یا فضائی حدود کی بندش کو ختم کرنے کے حوالے سے کوئی بات شامل نہیں ہو گی۔

اس طرح بین الاقوامی قانون فضائی حدود کی بندش کے حوالے سے چاروں عرب ممالک کی حمایت جاری رکھے گا اور اس معاملے میں کچھ تبدیل نہیں ہو گا۔سعودی عرب، امارات، بحرین اور مصر کی جانب سے بین الاقوامی عدالتِ انصاف کا دروازہ کھٹکھٹانے کے باوجود چاروں ممالک ایکاؤ تنظیم اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ تمام شعبوں میں مفید تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ایکاؤ تنظیم کی کونسل کے سکریٹریٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خلیج میں بین الاقوامی پانی کے اوپر فضائی جہاز رانی تنظیم کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق محفوظ ہے۔